خبریں

متاثرین ڈیم کی آبادکاری کے لئے کلکٹر امیر اعظم کے اقدامات کی حمایت کرتے ہیں، پریس کانفرنس متاثرین دیامر ڈیم کمیٹی

چلاس ( ڈسٹرکٹ رپورٹر )متاثرین دیامر بھاشہ ڈیم چلاس،تھور،ہڈور،گیچی،تھلپن اور کھنر نے چلاس کے مقامی ہوٹل میں پُرہجوم پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ متاثرین دیامر ڈیم کی بروقت آبادکاری کیلئے کلکٹر ڈیم و ڈپٹی کمشنر دیامر امیر اعظم حمزہ کی جانب سے اُٹھائے گئے اقدامات پرتمام ڈیم متاثرین مطمئن ہیں،اور ڈیم متاثرین کیلئے تیار کیا گیا پیکیج پر مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہیں۔پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے متاثرین دیامر ڈیم کمیٹی کے صدر عطاء اللہ ،جزل سیکریٹری مولانا صادق،محمد صوفی، سلیمان نمبردار، مولانا واصل، محمد ابراہیم ،عمران اللہ، مولانا ہارون و دیگر نے کہا کہ کلکٹر ڈیم و ڈپٹی کمشنر دیامر کی جانب سے متاثرین ڈیم کیلئے تیار کیئے جانے والا پیکیج پر فوری عملدرآمد کیا جائے،متاثرین کی آبادکاری کیلئے تیار کردہ یہ پیکیج متاثرین کی امنگوں کی ترجمانی کرتا ہے اور عوام اس بڑے پیکیج سے فوری مستفید ہونا چاہتے ہیں، وفاقی حکومت اور سپریم کورٹ آف پاکستان سے اپیل ہے کہ صوبائی حکومت کی جانب سے منظور کردہ پیکیج پر عملدرآمد کو یقینی بناکر فوری طور پر حتمی منظوری دیں تاکہ متاثرین ڈیم اپنی بروقت آبادکاری کر سکیں۔انہوں نے کہا کہ ڈیم متاثرین ڈپٹی کمشنر دیامر کی کوشیشوں کو سراہتے ہیں جنہوں نے مختصر وقت میں تمام اسٹیک ہولڈرز کو ایک پیج پر لاکر آبادکاری جیسے حساس معاملے کو پایہ تکمیل تک پہنچایا، ڈی سی دیامر امیر اعظم حمزہ کی نیک نیتی، خلوص،جرات اورمتاثرین سے ہمدردی اور مخلصانہ جدوجہد کوڈیم متاثرین کبھی نہیں بھولیں گے، ماضی میں درجنوں افسران آئے اور ٹائم پاس کرکے چلے گئے کسی بھی آفیسر نے متاثرین کے مسائل پر توجہ نہیں دیا جس کی وجہ سے 8سال تک آبادکاری کا مسلہ لٹکتا رہا، اب ڈپٹی کمشنر دیامر امیر اعظم حمزہ آتے ہی سب سے پہلے آبادکاری کو اپنی توجہ کا مرکز بنایا اور دن رات محنت کرکے اس سلگتا ہوا ایشو کو مہینوں کے اندر حل کرکے ڈیم کی بروقت تعمیر کیلئے راہ ہموار کی اور عوام کو اعتماد میں لایا جوکہ بڑی کامیابی ہے۔انہوں نے کہا کہ ڈیم متاثرین نے اس میگا پراجیکٹ کیلئے سب کچھ قربان کیا، یہاں کی عوام نے ڈیم کے خلاف آواز بلند کرنے والوں کو آپنے خلاف سمجھا اور سخت رد عمل بھی دیا، انہوں نے کہا کہ ڈیم متاثرین آبادکاری کے اس مرحلے کو بڑا کارنامہ سمجھتے ہیں اور آبادکاری کےاس اہم مرحلہ کو خوش اسلوبی سے حل کرنے پر ڈی سی دیامر کو خراج تحسین بھی پیش کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ڈیم متاثرین فورس کمانڈر، وزیر اعلی اور چیف سیکریٹری کا بھی خصوصی شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے ڈی سی دیامر کا ہاتھ مظبوط کیا اور آبادکاری کا مسلہ حل کرکے رکھ دیا۔انہوں نے کہا کہ ڈیم متاثرین دیامر بھاشا ڈیم کے خلاف سازشیں کرنے والوں کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹیں گے۔صدر ڈیم کمیٹی عطاء اللہ اور جزل سیکریٹری مولانا صادق نے مزید کہا کہ دیامر کی پوری قوم ڈپٹی کمشنر دیامر امیر اعظم حمزہ کی ان مخلصانہ اور عوام دوست پالیسیوں کو صدیوں تک یاد رکھیں گی جس کی بدولت گزشتہ کئی سالوں سے دانستہ یا غیر دانستہ طور پر لٹکا ہوا آبادکاری کا ایشو پایہ تکمیل کو پہنچ گیا اور آج تمام متاثرین ضلعی انتظامیہ کے تیار کردہ اس پیکیج سے خوش ہیں اور ڈی سی کودعائیں دے رہے ہیں۔

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button