خبریں

جلد ہنزہ کا دورہ کرکے گوجال سب ڈویژن اور شیناکی تحصیل کا افتتاح کرونگا ، وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان

گلگت (رپورٹر) وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا ہے کہ ہنزہ میں بجلی کے بحران کاذمہ دار پیپلز پارٹی ہے ، حسن آباد اور مایون پاور ہاؤس کے ٹی جی سیٹ پر ایک سال سے عدالتوں کے ذریعے حکم امتناعی لے رکھے ہیں۔ جس میں پیپلز پارٹی کی صوبائی قیادت ملوث ہے جس کی وجہ سے ان پاور ہاؤسز پر کام رکا ہوا ہے۔ ہم نے ہنزہ کے حوالے سے جو بھی اعلانات کئے ہیں ان پر عمل درآمد ہوگا۔ جلد ہنزہ کا دورہ کرکے گوجال سب ڈویژن اور شیناکی تحصیل کا افتتاح کرونگا ، اس کے علاوہ ہنزہ میں بجلی کے بحران کے سلسلے میں کام کیا جا رہا ہے ، مسگر پاور ہاؤس پر ہم خصوصی توجہ دے رہے ہیں بہت جلد مسگر پاور ہاؤس سے بجلی فراہم کی جائیگی اس سال گرمیوں میں ہنزہ کے اندر خاطر خواہ لوڈ شیڈنگ میں کمی آئیگی اس وقت ہنزہ میں تھرمل جنریٹرز کے ذریعے ہنزہ کو بجلی فراہم کی جا رہی ہے جس پر کروڑوں روپے لاگت آرہی ہے ،عطا آباد پاور ہاؤس پر چار میگاواٹ کیلئے 25کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں جبکہ اس منصوبے کیلئے مزید پچاس کروڑ روپے درکار ہیں ہم کوشش کررہے ہیں کہ جلد ہم پچاس کروڑ روپے بھی لا سکیں چونکہ اس منصوبے پر 75کروڑ روپے لاگت آرہی ہے عطاء آباد 32.5میگاواٹ کیلئے بھی ہم وفاقی حکومت سے مسلسل رابطے میں ہیں کیونکہ یہ پی ایس ڈی پی کے فنڈ سے بنناہے جس کی منظوری مل چکی ہے اب اس کیلئے فنڈ مہیا کرنا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے ہنزہ پریس کلب کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہنزہ کی تعمیر و ترقی ہماری اولین ذمہ داری ہے کیونکہ ہنزہ ہمارا چہرہ ہے ، ہنزہ پریس کلب کی جانب سے علی احمد نے وزیر اعلیٰ کو ہنزہ کے مسائل کے بارے میں آگاہ کیا جس میں کے کے ایچ کمپنسیشن ، سکیل1 تا9 بین الاضلاعی تقرریاں ، بجلی کے بحران اور دیگر مسائل سے آگاہ کیا جبکہ ہنزہ پریس کلب کے صدر رحیم اللہ بیگ نے ہنزہ پریس کلب کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا وفد میں سینئر نائب صدر اکرام نجمی اور جوائنٹ سیکریٹری اسلم شاہ شامل تھے اور اس ملاقات میں رکن گلگت بلتستان کونسل ارمان شاہ نے خصوصی طور پر شرکت کی اور ہنزہ کے مسائل اور ہنزہ میں صحافیوں کو درپیش مسائلسے وزیر اعلیٰ کو آگاہ کیا۔

Print Friendly, PDF & Email

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button