اہم ترین
پاک چین آپٹیکل فائبر پراجیکٹ نے کمرشل بنیادوں پر کام شروع کر دیا
گلگت ( رپورٹر) پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کے تحت مکمل ہونے والے آپٹیکل فائبر پراجیکٹ نے کمرشل بنیادوں پر کام شروع کر دیا. منصوبے کی تکمیل سے پاکستان کو ٹیلی مواصلات کے شعبے میں متبادل گیٹ وے مل گیا.
اسپیشل کیمونیکیشن آرگنائزیشن کے مطابق مواصلاتی لنک پر کمرشل ٹریفک سروس اورمچی چین سے فرینکفرٹ جرمنی تک جاری ہے ۔ منصوبے کے تحت آپٹیکل فائبر پاک چین سرحد خنجراب کے راستے اسلام آباد تک بچھائی گئی ہے.
پاک چائینہ او ایف سی لنک دونوں ہمسایہ ممالک کے درمیان سرحد پار قائم کی جانے والی اولین کنیکٹیوٹی ہے۔
ملک کے کسی بھی سرکاری ادارے کی جانب سے پہلی منظم اور وسیع گنجائش کی حامل زمینی رابطہ کاری کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔ فائبر لنک کے ذریعے چین سے مشرقی وسطی ،افریقہ اور یورپ میں بین الاقوامی سطح پر رابطہ کاری بڑھائی جائیگی۔