سکردوپریس کلب کے نظر ثانی شدہ آئین متفقہ طور پر منظور
سکردو(پ ر) پریس کلب سکردو کا اہم اجلاس کلب کے صدر قاسم بٹ کی صدارت میں ہوا جس میں ممبران کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔، اجلاس میں پریس کلب کے نظر ثانی شدہ آئین پر بحث مباحثہ کے بعد متفقہ طور پر منظوری دی گئی۔ جس کی رو سے پریس کلب کے ممبر بننے کے خواہشمند صحافیوں کے لئے ممبر شپ اوپن کر دی گئی ہے۔ تاہم نیا ممبر بننے کے لئے آئین کی شرائط پر پورا اترنا لازمی ہو گا۔
نئے ممبران کے کاغذات کی جانچ پڑتال سنیئر صحافیوں پر مشتمل ایک کمیٹی کرے گی جس کے بعد صدر پریس کلب حتمی فیصلہ کرے گا۔ آئین میں کہا گیا ہے کہ موجودہ کابینہ آئندہ الیکشن سے قبل پریس کلب کا حساب کتاب دینے کا پابند ہوگی اور یہ عمل ہر الیکشن سے قبل ہوتا رہے گا جبکہ سابق صدور اور عہدیداران بھی بقایاجات کی ادائیگی کے بغیر الیکشن میں حصہ لینے کیلئے نااہل ہونگے اور الیکشن کے بعد نئی کابینہ کو ایک ہفتے کے اندر مالیات کا حساب نہ دینے والی سابق کابینہ کے عہدیداران کی پریس کلب کی بنیادی رکنیت منسوخ ہو جائے گی۔
نئے الیکشن تک حساب نہ دینے والے عہدیدار یا ممبر کے خلاف ہاوس کو قانونی چارہ جوئی کا بھی حق حاصل ہو گا۔
آئین کی رو سے پریس کلب کے تین اجلاسوں میں مسلسل شرکت نہ کرنے والے ممبر کی ممبر شپ بھی ختم ہو جائے گی جس کے بعد اسے نئے سرے سے ممبر شپ کیلئے درخواست دینی پڑے گی۔
آئین میں عامل صحافیوں کی فلاح و بہبود کیلئے حکمت عملی پر مبنی شقیں ڈال دی گئی ہیں جن پر عملدرآمد منتخب کابینہ کی اولین ذمہ داری ہو گی۔ نئے آئین میں صدر سمیت دیگر اہم عہدیداران کی ذمہ داریوں اور پریس کلب کے ممبران کیلئے ضابطہ اخلاق طے کر دئیے گئے ہیں جن کی خلاف ورزی کی صورت میں رکنیت منسوخ ہو سکتی ہے۔
اجلاس کے دوران آئین کے تمام نکات پر تمام حاضر ممبران نے اپنی رائے کا اظہار کیا اور معمولی ترمیم کے بعد متفقہ طور پر منظوری دی گئی ہے جس کے بعد تمام ممبران نے نئے آئین پر دستخط کئے اوراسے موجودہ صدر کا بڑا قدم قرار دیتے ہوئے مبارکبادی دی۔
کلب کے صدر قاسم بٹ نے اجلاس کے اختتام سے قبل اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آئین کی تیاری کا مرحلہ انتہائی مشکل تھا تاہم تمام ممبران کے اعتماد اور تعاون کی وجہ سے اس مرحلے سے ہم بخوبی گزر گئے اور آج الحمد اللہ نظر ثانی شدہ آئین متفقہ طور پر منظور ہوا۔ انہوں نے آئین سازی کے عمل میں دلچسپی لینے پر ممبران کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس آئین پر سو فیصد عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے گا، اس نئے آئین کے نفاذ سے پریس کلب کا وقار بلند ہو گا اور صحافیوں کے حقوق کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے میں مدد ملے گی۔
انہوں نے عامل صحافیوں سے کہا کہ پریس کلب کے آئین کی شرائط کے مطابق اپنی درخواستیں دیں ، انہوں نے احتساب کے عمل کو احسن قرار دیتے ہوئے سب سے پہلے اپنے آپ کو احتساب کیلئے پیش کیا ہے اور کہا کہ آئندہ الیکشن سے قبل پورے سال کا حساب کتاب دے کر احتساب کی مضبوط روایت ڈالی جائے گی۔ انہوں نے کہا ہے کہ پریس کلب کے ڈیفالٹرز جلد از جلد اپنا حساب دیں بصورت دیگر آئین کے مطابق کارروائی ہو گی جس کا اختیار آئین نے ہاوس کو دیا ہے۔
اجلاس کے بعد پریس کلب کے ممبران اور سنیئر صحافیوں نے موجودہ صدر اور ان کی کابینہ کو مبارکباد دی اور نئے آئین پر عمل درآمد کیلئے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
اجلاس کے آخر میں سینئر صحافی محبوب خیام کے والد اور سینئر صحافی احمد ندیم کی والد ہ کی وفات پر فاتحہ خوانی بھی کی گئی ۔