تعلیم

گلگت بلتستان میں EdTech Hackathon کے ذریعے درس و تدریس کے نظام کو موثر بنایا جائے گا

گلگت ( پ ر ) گلگت بلتستان کے سکولوں اور کالجوں میں جدید آئی ٹی اور ٹیکنالوجی جسے EdTech Hackathon کہا جاتا ہے کے استعمال کے ذریعے درس و تدریس کے نظام کو پُر کشش اور موثر بنایا جائے گا۔ جس سے تعلیمی اداروں میں نظم و نسق (Governance) کو بہتر کرنے میں بھی مدد ملے گی۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ ان جدید ٹیکنالوجیز کے بہترین استعمال کے لیے اِن کو علاقے کی ثقافت، روایات اور ضروریات کے سانچے میں ڈالا جائے ۔ ان خیالات کا اظہار سیکریٹری تعلیم گلگت بلتستان ظفر وقار تاج صاحب نے سماجی و فلاحی ادارے ’’ روپانی فاؤ نڈیشن‘‘ اور’’ ایکسیلریٹ پروسپیریٹی‘‘ کے سربراہان وسیم صمد اور عمران شمس کے ساتھ ہونے والے اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مذکورہ منصونہ بندی کو عملی جامہ پہنانے کے لیے وسیم صمد اور عمران شمس ایک Concept Paper تیار کریں گے۔ جس کی روشنی میں ایڈیشنل سیکریٹری تعلیم گلگت بلتستان نجیب عالم صاحب کی سربراہی اور زیرِ نگرانی ایک اہم کانفرنس منعقد کی جائے گی۔ جس میں اِن آئیڈیاز اور منصوبہ بندی کے امکانات، مضمرات اور اثرات کا جائزہ لیا جائے گا تاکہ بہترین نتائج حاصل کیے جا سکیں۔ابتدائی طور پر ان ٹیکنالوجیز کا استعمال گلگت بلتستان کے ماڈل سکولوں میں کیا جائے گا۔

اجلاس میں سیکریٹری تعلیم گلگت بلتستان ظفر وقار تاج نے یہ بھی کہا کہ میری دلی تمنا ہے کہ محکمہء تعلیم گلگت بلتستان کا تمام عملہ مزید جذبے، خلوصِ دل اور محبت سے سرشار ہوکر اپنے فرائضِ منصبی بروئے کار لائے اور بالخصوص اساتذہء کرام عشق کی حد تک اپنے پیشہ سے لگاؤ رکھیں۔ کیونکہ تدرس و تدریس کا پیشہ، پیشہء پیغمبری ہے ۔اس نیک مقصد کے حصول کے لیے ہم ٹھوس منصوبہ بندی کررہے ہیں ۔ جس کے تحت اساتذہ ء کرام ، طلباء و طالبات، انتظامیہ اور کمیونٹی کے لیے Motivational and Inspirational سیشنز کا اہتمام کیا جائے گا۔ جس کو علمی شکل دینے کے لیے ہم اپنے وسائل استعمال کرنے کے ساتھ ساتھ سماجی و فلاحی ادروں کا تعاون بھی حاصل کررہے ہیں۔ اس ضمن میں سماجی ادارہ ’’ ایکسیلریٹ پروسپیریٹی‘‘ بھر پور معاونت فراہم کرے گا۔

اجلاس میں یہ بھی کہا گیا کہ محکمہء تعلیم گلگت بلتستا ن میں بہترین اصلاحات کی جارہی ہیں۔ اس کے لئے بنیاد سے اصلاحات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ جس کے تحت سب سے پہلے محکمہء تعلیم گلگت بلتستان کے تحت چلنے والے سکولوں میں ECD کو کامیاب کرنے اور موثر بنانے کے لئے ’’ روپانی فاؤ نڈیشن‘‘ سے تعاون حاصل کیا جائے گا۔ اس کے لئے وسیم صمد ، ایڈیشنل سیکریٹری تعلیم گلگت بلتستان نجیب عالم صاحب کو ایک Concept Paper جمع کروائیں گے۔ جس کے تحت اشتراکِ عمل کو عملی صورت دی جائے گی۔

محکمہء تعلیم گلگت بلتستان کے امور کو مزید پیشہ ورانہ انداز میں چلانے اور بہترین نتائج حاصل کرنے کے لئے سیکریٹری تعلیم گلگت بلتستان ظفر وقار تاج صاحب نے ایڈیشنل سیکریٹری تعلیم گلگت بلتستان نجیب عالم صاحب کو ’’ ملٹی ٹاسک فورس ‘‘ اور ’’ ڈونرز کوآرڈنیشن سیل‘‘ کا انچارج مقرر کر دیا ہے۔

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button