اسمبلی سیشن میں دیدار حسین واقعے میں ملوث ملزمان کو فوری سزا دینے کے حوالے سے آواز اٹھایا،راجہ جہانزیب
گلگت(نمائندہ) ممبر گلگت بلتستان قانون ساز اسمبلی و ممبر کور کمیٹی تحریک انصاف راجہ جہانزیب نے کہا ہے کہ اسمبلی سیشن میں دیدار حسین واقعے میں ملوث ملزمان کی فور ی گرفتاری سمیت گرفتار ملزمان کو فوری سزا دینے کے حوالے سے آواز اٹھایا ہے ۔
اپنے اخباری بیان میں انہوں نے کہا کہ اس واقعے کے حوالے سے محکمہ داخلہ سے فوری رپورٹ اسمبلی میں پیش کرنے اور متاثرہ خاندان کی مالی مدد کے حوالے سے بھی اقدامات اٹھانے کا مطالبہ کیا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اشکومن تشنلوٹ میں طالب علم دیدار حسین کے ساتھ جنسی زیادتی کے بعد قتل کا واقعہ انتہائی افسوسناک ہے ۔
اس حوالے سے صوبائی حکومت کی عدم دلچسپی لمحہ فکریہ ہے۔ وزیر اعلیٰ اور صوبائی وزراء صرف اور صرف اخباری بیانات کی حد تک محدود ہے۔ فورس کمانڈر نے نوٹس لینے کے بعد پولیس حرکت میں آچکی ہے ۔اس واقعے میں ملوث تمام ملزمان کو جلد از جلد کیفر کردار تک پہنچایا جائے ۔اس طرح کے واقعات سے علاقہ بد نام ہو جاتا ہے ایسے واقعات میں ملوث ملزمان کو کڑی سزا دی جائے تا کہ ایسے واقعے دوبارہ رونما نہ ہو سکے ۔انہوں نے کہا ہے کہ دیدار حسین کے والدین کو جلد از جلد انصاف ملنا چاہئے اور ان کی مالی مدد صوبائی حکومت کی ذمہ داری ہے ۔