خبریں

خطے کا مثبت تشخص اجاگر کرنے میں میڈیا کا اہم کردار ہوگا، و ائس چانسلر کے آئی یو

اسلام آباد (پ ر) قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی کے و ائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عطاء اللہ شاہ نے کہا کہ قراقرم ا نٹرنیشنل یونیورسٹی گلگت بلتستان سمیت پورے ملک میں سماجی اور معاشی تبدیلی اور مستقبل کے چیلینجز کا سامنا کرنے کیلئے پیشہ وارانہ مہارت کے مواقع فراہم کرنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لارہا ہے۔ تاکہ ملک کو باصلاحیت افرادی قوت اور لیڈر شپ کے بحران کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ گلگت بلتستان مستقبل میں معاشی اور سیاحتی سرگرمیوں کا مرکز ہوگا اور خطے کا مثبت تشخص اجاگر کرنے اور یہاں کی متنوع ثقافت اور سیاحتی مواقع کی تشہیر کے ذریعے رائے عامہ ہموار کرنے میں میڈیا کا اہم کردار ہوگا۔

قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی کے طلباء خطے کی تقدیر بدلنے کیلئے ہراول دستے کا کردار ادا کرینگے۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے انسٹی آف میڈیا سائنسز اسلام آباد میں قراقرم یونیورسٹی کے شعبہ ابلاغ عامہ کے طلباء کی پیشہ وارانہ استعداد کار بڑھانے کیلئے منعقد کردہ ڈیجیٹل فلم میکنگ ورکشاپ کی اختتامی تقریب سے کیا۔

تقریب میں ان کا مزید کہنا تھا کہ قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی کے مختلف شعبوں کے طلباء کو پیشہ وارانہ مہارت کے مواقع فراہم کرنے کیلئے اہم تعلیمی اور فنی اداروں کے ساتھ اشتراک قائم کیا گیا ہے جس کے مثبت نتائج سامنے آئینگے۔

تقریب سے انسٹیٹیوٹ آف میڈیا سائنسز کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر ڈاکٹر حسیب الرحمن نے اپنے خطاب میں قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی کے طلباء کی ایک ماہ کی ورکشاپ کے دوران سیکھنے کی لگن اور نظم و ضبط کی پاسداری کو باقی صوبوں کے طلباء کیلئے مثالی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا کے طلباء یقیناًگلگت بلتستان کو دنیا کے سامنے بہتر انداز میں روشناس کرا سکتے ہیں۔

قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی کے شعبہ ابلاغ عامہ کے طلباء نے اس موقع پر وائس چانسلر کا ورکشاپ کے انعقاد پر خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہیں امید ہے کہ مستقبل میں بھی طلباء کیلئے ایسی پیشہ وارانہ سرگرمیاں جاری رکھی جائینگی۔

تقریب کے آخر میں وائس چانسلر نے طلباء میں اسناد تقسیم کی اور انسٹی ٹیوٹ آف میڈیا سائنسز کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر ڈاکٹر حسیب الرحمن کے ساتھ باہمی اشتراک کی یاداشت پر دستخط کئے۔ اس موقع پر قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی شعبہ ابلاغ عامہ کے لیکچرر شمس الرحمن قریشی بھی موجود تھے۔

Print Friendly, PDF & Email

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button