خبریں

ہلال احمرکی جانب سے ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے اساتذہ اور طلبا کو تربیت کی فراہمی

گلگت (پ ر) ہلال احمرگلگت بلتستان کی جانب سے ہنگامی صورتحال اور حادثات سے بروقت نمٹنے کی غرض سے سکول سیفٹی کے نام سے جاری منصوبے کے تحت ضلع گلگت کے پانچ منتخب سکولوں کے اساتذہ اور طلبا وطالبات کو مرحلہ وار فرسٹ ایڈ اور لائٹ سرچ اینڈ ریسکیو کی خصوصی تربیت فراہم کی گئی ۔

ان سکولوں میں گورنمٹ بوائز ہائی سکول امپھری گلگت، بوائز ہائی سکول نومل ، گرلز ہائی سکول نمبرون گلگت، گرلز ہائی سکول نمبرٹو گلگت اور گرلز ہائی سکول اوشکھنداس گلگت شامل ہیں۔

منصوبے کے تحت متعلقہ سکولوں میں قدرتی آفات کے ممکنہ خطرات کی نشاندہی اور احتیاطی تدابیر سے متعلق ہدایات پر مبنی بینرزبھی آویزاں کئے گئے جبکہ سکول سطح پر رونما ہونے والے کسی بھی ممکنہ حادثے سے نمٹنے کے لئے ان اداروں کو ہلال احمرکی جانب سے فرسٹ ایڈ اور سرچ اینڈ ریسکیو کا سامان فراہم کیا گیا۔

اس حوالے سے ہلال احمرگلگت بلتستان کی صوبائی سکریٹری نورالعین کا کہنا تھا کہ سکول سیفٹی کا یہ ایک بین الاقوامی معیار کا منصوبہ ہے جس سے قدرتی آفات اور ہنگامی صورتحال کے دوران انسانی جانوں کو خطرات سے بچانے میں بھرپور مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہلال احمرکی کوشش ہے کہ اس منصوبے کے تحت گلگت بلتستان کے بیشترسکولوں کے اساتذہ اور طلباوطالبات کو تربیت فراہم کی جائے تاہم محدود وسائل اور ادارے کو درپیش مالی مشکلات کے باعث ایسا ممکن نہ ہوپایا ہے۔ انہوں نے صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ تعلیمی اداروں کو قدرتی آفات سے محفوظ بنانے اور ناگہانی آفات سے نمٹنے کے لئے ہلال احمرکے سکول سیفٹی پروگرام کو تمام اضلاع تک وسعت دینے میں ہلال احمرکووسائل فراہم کرے تاکہ منصوبے کے ثمرات سے زیادہ سے زیادہ لوگوں کو فائدہ پہنچایا جاسکے۔

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button