ہنزہ: ششپر گلیشرکی لمبائی میں گزشتہ 8 دنوں کے دوران 50 فٹ کا اضافہ ہوچکا ہے، علی آباد کا اہم واٹر چینل متاثر
ہنزہ ( اجلال حسین ) مرکزی ہنزہ میں واقع ششپر گلیشر کی لمبائی میں گزشتہ آٹھ دنوں کے دوران 50 فٹ سے زائد اضافہ ہوچکا ہے۔ مسلسل پھیلتے گلیشر کی زد میں آکر ضلعی ہیڈکوارٹر علی آباد کو آبپاشی کے لئے پانی فراہم کرنے والے نہر کا سربند بھی متاثر ہوگیا ہے۔
گلیشر کی زد میں آنے کی وجہ سے علی آباد کے بالائی علاقوں میں پانی کی شدید قلت کا خدشہ سر اُٹھانے لگا ہے۔ پانی نہ ملنے کی صورت میں ہزاروں ایکڑ زمین، درختوں اور باغات سمیت متاثر ہوسکتی ہے۔مذکورہ نہر 35 سال قبل مقامی افراد نے سرکاری و غیر سرکاری اداوں کی اعانت سے تعمیر کی تھی، اور یہ نہر علی آباد شہر کی زراعت کے لئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔
مقامی افراد نے صورتحال پرشدید تشویش کا اظہار کرتے ہوے وزیر اعلی گلگت بلتستان سے نوٹس لینے اور متبادل اقدامات اُٹھانے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے گلیشیائی پھیلاو کی وجہ سے آبپاشی کا نظام متاثر ہونے کے ساتھ ساتھ آبنوشی کا نظام بھی درہم برہم ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اُٹھاتے ہوے متبادل ذرائع سے آبپاشی اور آبنوشی کے نظام کی بحالی کے لئے مخصوص گرانٹ دیا جائے۔
منتخب قیادت نہ ہونے کی وجہ سے ہنزہ بیوروکریٹس کے رحم و کرم پر ہے، اور علاقے کے مکین گونا گوں مسائل کا شکار ہیں۔