چلاس (قادر حسین)ضلع دیامر کی تحصیل چلاس کے نواحی گاوں نیاٹ نگرل میں بجلی کا کرنٹ لگنے سے 9سالہ بچہ جاں بحق ہوگیا۔زرائع کے مطابق نیاٹ نگرل کے مقام پر 9سالہ مسعود اللہ ولد نسیم اللہ آبادی کے درمیان سے گزرنے والی بجلی کے لوز ایچ ٹی لائن کے ساتھ لگ گیا اور کرنٹ لگنے سے بچہ موقع پر دم توڑ گیا۔لواحقین نے نعش چلاس لایا اور پوسٹمارٹم کے بعد سڑک پر رکھ کر محکمہ برقیات کے خلاف احتجاج کیا اور سخت نعرے بازی کی۔چلاس میں جاں بحق بچے کے لواحقین ہدایت اللہ و دیگر نے کہا کہ نیاٹ نگرل میں بجلی کی ایچ ٹی لائن آبادی کے درمیان سے گزر رہی ہے اور ہر روز اہل علاقہ وہاں سے گزر رہے ہیں اور وہاں پر اس سے پہلے دو بچے کرنٹ لگنے سے زخمی ہوچکے ہیں اور اہل علاقہ نے بجلی کی ایچ ٹی لائن کو آبادی کے درمیان سے ہٹانے کیلئے متعلقہ حکام کو کئی بار درخواستیں بھی دیں لیکن کسی کے کانوں میں جوں تک نہیں رینگی اور آج بدقسمتی سے ایک اور بچہ جان سے ہاتھ دھو بیٹھا،، یہ محکمہ برقیات کی نااہلی نہیں تو کیا ہے زمہ داران ٹس سے مس نہیں لوگوں کی جاں کا ان کو پروا تک نہیں۔انہوں نے کہا کہ نیاٹ میں بجلی کی تمام تاریں زمین پر گری پڑی ہیں اور کھمبے سجدا ریز ہیں، بجلی کا نظام ٹھیک کرنے کیلئے کسی نے توجہ تک نہیں دی ہے جس کی وجہ سے آئے روز قمتی جانیں ضائع ہورہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمارے بچے کی موت کا زمہ دار برقیات کا عملہ ہے ان کی نااہلی کی وجہ سے موت واقع ہوئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ فورس کمانڈر ،وزیر اعلی اور چیف سیکریٹری محکمہ برقیات دیامر کے خلاف کارروائی کرے ، اور زمہ داروں کے خلاف مقدمہ درج کرکے ہمیں انصاف فراہم کریں۔
چلاس (بیورورپورٹ)نیاٹ نگرل میں بجلی کا کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہونے والے بچہ کے لواحقین نے بچے کی موت کا زمہ دار محکمہ برقیات کو قرار دے کر محکمہ برقیات دیامر کے خلاف ایف آئی آردرج کرادیا۔پولیس نے جاں بحق بچے کے ماموں کی مدعیت میں مقدمہ درج کرکے کارروائی شروع کردی۔ایس ایچ او تھک جل عندلیب نے میڈیا کو بتایا کہ پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر شواہد اکھٹے کیئے ہیں اور ابتدائی کارروائی کے بعد لواحقین کے مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا ہے اور پولیس مزید کارروائی کررہی ہے ۔