اہم ترین

مسلم لیگ گلگت بلتستان کسی فرد واحد کی جاگیر نہیں ہے، وزیر اعلی کا مخصوص‌ٹولہ پارٹی میں دراڑیں‌ڈال رہا ہے، جانباز، حیدر اور ثوبیہ کا بیان

گلگت (لیڈی رپورٹر) حکومت گلگت بلتستان کے وزراء کرام، جناب حاجی جانباز خان وزیر زراعت، جناب حاجی حیدر خان وزیرایکسائز و ٹیکسیشن اور محترمہ ثوبیہ جے مقدم وزیر برائے سوشل ویلفیئر و انسانی حقوق کی آج ملاقات ہوئی۔

ملاقات میں پاکستان مسلم لیگ (ن) گلگت بلتستان کے پارٹی معاملات، تنظیمی ڈھانچہ، پارٹی کی جانب سے ماضی میں گلگت بلتستان کے عوام سے کئے گئے وعدے، صوبائی حکومت کی مجموعی کارکردگی اور حالیہ دنوں میں رونما ہونے والی سیاسی پیش رفت اور تبدیلیوں کا بغور جائزہ لیا گیا۔

ملاقات میں پارٹی کے تنظیمی حوالے سے بات کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا گیا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کسی فرد واحد کی جاگیر نہیں اور نہ ہی کسی کو پارٹی پر قابص ہونے کا اختیار ہے۔ یہ ہم سب کی پارٹی ہے اور قائد محترم میاں محمد نواز شریف اور میاں شہباز شریف کی قیادت میں ہم سب پارٹی کے کارکن ہیں۔ پارٹی میں پسند اور نا پسند کی بنیاد پر کسی کو پارٹی میں اِن اور آؤٹ کرنے کا کوئی حق حاصل نہیں ہے۔

وزیر اعلٰی نے اپنے دورہ چلاس میں پولو میچ کے کھلاڑیوں اور شائقین کے سامنے دیامر کے وزراء پر زاتی تنقید اور متبادل ڈھونڈنے کے حوالے سے جو زبان استعمال کی ہے ہم اُس کی پُر زور اور شدید الفاظ میں مزمت کرتے ہیں۔ وزیر اعلٰی کے مخصوص ٹولے کے بے لگام افراد اپنے زاتی مفادات کی خاطر غلط بیانیاں کرکے پارٹی میں دراڑیں ڈالنے کی کوششوں میں مصروف ہیں اور وزراء کے خلاف من گھڑت بیان بازیاں کر رہے ہیں۔ ان افراد کی حرکتوں سے پارٹی کو ناقابل تلافی نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔

وزیراعلٰی گلگت بلتستان کے دورہ دیامر کے حوالے سے بھی تفصیلی بات چیت کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ داریل تانگیر کے اضلاع کا قیام پی ایم ایل (ن) کی پالیسی اور پارٹی کا اصولی مؤقف تھا اور اِن اضلاع کی تخلیق و تشکیل مسلم لیگ (ن) کی سابقہ وفاقی حکومت کے دور میں ہونا تھا مگر اب تک نہ ہونے کی وجہ سے عوام میں شدید اضطراب اور مایوسی پائی جارہی ہے۔ وزیر اعلٰی جی بی کے اعلان کو ہم خوش آئند قرار دیتے ہوئے عملدرآمد کی توقع کرتے ہیں۔ نئے اضلاع کے اعلان پر مکمل عملدرآمد اور فنکشنل ہونے تک ہم تمام متعلقہ فورمز میں بھرپور آواز اُٹھاتے رہیں گے۔

ضلع دیامر سے تعلق رکھنے والے تینوں وزراء کرام نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ نہ صرف ضلع دیامر بلکہ گلگت بلتستان کی تعمیروترقی سمیت مسلم لیگ (ن) کو مضبوط کرنے اور قائد پاکستان جناب میاں محمد نواز شریف کا پیغام گلگت بلتستان کے کونے کونے تک پہنچانے کیلئے اپنا کلیدی کردار ادا کرتے رہیں گے اور مسلم لیگ (ن) گلگت بلتستان سے ڈکٹیٹرشپ کا خاتمہ کرکے پارٹی کو حقیقی جمہوری پارٹی کے طور پر عوام الناس کی خدمت کو یقینی بنائیں گے۔

Print Friendly, PDF & Email

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button