ہنزہ: ششپر گلیشر پر بننے والی جھیل سے پانی کا اخراج، حسن آباد نالے میں طغیانی کی کیفیت
ہنزہ (اجلال حسین) ضلع ہنزہ میں واقع ششپرگلیشیر پر بننے والی جھیل سے پانی کے اخراج نے حسن آباد نالے میں طغیانی کی کیفیت پیدا کردی۔ عموماً اس نالے میں پانی کا اتنا اخراج جولائی اور اگست کے ماہ میں ہوتا ہے۔ پانی کے اخراج کی وجہ سے بجلی گھروں کو دوبارہ چلانے کا مطالبہ شروع ہوگیا ہے۔
یاد رہے کہ حسن آباد نالے میں ایک میگاواٹ اور پانچ سو کلوواٹ کے دو بجلی گھر قائم ہیں جو عموماً سردیوں کے مہینے میں پانی کی کمی کے باعث بند ہوجاتے تھے۔
ضلع ہنزہ اس وقت بجلی کے شدید بحران کا شکار ہے۔ حکومت کی غلط اور متعصب پالیسیوں کے باعث ہنزہ میں نئے بجلی گھروں کی تعمیر کا کوئی منصوبہ زیر غور نہیں ہے۔
گلیشیائی جھیل سے پانی کے اخراج کو مقامی افراد لوڈشیڈنگ پر قابو پانے کےلئے نیک شگون قرار دیے رہے ہیں۔ اگر پانی کا اخراج لمبے عرصے تک جاری رہا تو عوام سطح پر انتظامیہ سے یہ مطالبہ بھی کیا جارہا ہے کہ اس پانی سے بجلی گھروں کو چالو کر کے عوام کو لوڈشیڈنگ کے عذاب سے نجات دلایاجاسکتا ہے۔