چلاس: جمعیت علما اسلام کے رہنما محمد عظیم کی یاد میںتعزیتی ریفرنس کا انعقاد
چلاس ( شہاب الدین غوری ) جمعیت علماء اسلام کے بانی رہنما محمدعظیم مرحوم کی یاد میں چلاس میں جمعیت علماء اسلام دیامر کے زیر اہتمام ایک اہم تعزیاتی ریفرنس کا انعقاد کیا گیا۔تعزیاتی ریفرنس میں امیر جے یو آئی مانسہرہ مفتی کفایت اللہ ،امیر جمعیت علماء اسلام گلگت بلتستان عطاء اللہ شہاب،شیخ القران مولانا عبدالقدوس،سابق رکن اسمبلی رحمت خالق ،اُمیدوار جی بی اسمبلی حلقہ نمبر ۱دیامر مفتی ولی الرحمن،مولانا عبدالکریم سمیت ہزاروں لوگوں نے شرکت۔تعزیاتی ریفرنس میں مرحوم محمد عظیم کی پارٹی کیلئے دی جانے والی قربانیوں پر روشنی ڈالی گئی۔تعزیاتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے امیر جمعیت علماء اسلام مانسہرہ مفتی کفایت اللہ نے کہا کہ حاجی عظیم مرحوم پارٹی کا قمیتی اثاثہ تھے جس نے گلگت بلتستان میں پارٹی کو فعال اور مظبوط رکھا،عظیم مرحوم کا نظریہ تکمیل پاکستان کا نظریہ تھا وہ خلافت کے نظریے کیساتھ فوت ہوئے۔عظیم مرحوم ایک عظیم شخصیت تھے جس کا خلا کبھی پُر نہیں ہوگا۔تعزیاتی ریفرنس سے عطاء اللہ شہاب نے کہا کہ محمد عظیم مرحوم جمیت کا روشن ستارہ تھے جس کی روشنی سے گلگت بلتستان میں جمیعت کا ہر کارکن فیض یاب ہوا۔حاجی عظیم نے مشکل وقت میں پارٹی کو سہارا دیا جس کی بدولت آج خطے میں پارٹی کاایک مظبوط تنظیمی ڈھانچہ ہے۔تعزیاتی ریفرنس سے سابق رکن اسمبلی رحمت خالق اور اُمیدوار گلگت بلتستان اسمبلی مفتی ولی الرحمن نے کہا کہ حاجی محمد عظیم مرحوم کا لگایا ہوا پودا آج ایک تناور درخت کی شکل اختیار کر چکا ہے،گلگت بلتستان میں جمعیت علماء اسلام کو ایک کامیاب جماعت کے طور پر متعارف کرانے والی شخصیات میں عظیم مرحوم کا نام سرفہرست ہے۔تعزیاتی ریفرنس سے مولانا عبدالقدوس،مولاناعبدالکریم،مولانا سیف اللہ،شبیر احمد قریشی،بشیر احمد قریشی و دیگر علماء نے بھی خطاب کیا اور حاجی محمد عظیم مرحوم کی جمعیت علماء اسلام کیلئے دی جانے والی قربانیوں اور خدمات پر تفصیل سے روشنی ڈالی اور ان کو خراج عقیدت پیش کیا۔تعزیاتی ریفرنس کے آخر میں مولاناعبدالقدوس نے حاجی عظیم مرحوم کے ایصال و ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کرائی ۔