اموات
گلگت بلتستان کا نامور نوجوان صحافی سرتاج علی اسلام آباد میں انتقال کر گیا
گلگت (خصوصی رپورٹر) نوجوان صحافی و سماجی رہنما ء اور سابق صدر پی ایس ایف کے آئی یو سرتاج علی طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے،سرتاج علی پاکستان تحریک انصاف یوتھ ونگ کے رہنما امتیاز گلگتی کے چھوٹے بھائی تھے،مرحوم گزشتہ ایک سال سے یرقان کی مرض میں مبتلاع تھے اورکئی عرصے سے اسلام آباد کے ایک نجی ہسپتال میں زیر علا ج تھے، گزشتہ روز خالق حقیقی سے جا ملے، مرحوم کے پسماندگان میں بیوہ، دو بیٹے، ایک بیٹی، والدہ، سات بھائی اور چار بہنیں شامل ہیں۔ مرحوم کی جسد خاکی کو آج آبائی قبرستان اوشکھنداس میں سپرد خاک کیا جائیگا۔
سرتاج علی نے مقامی روزنامہ سے اپنے صحافتی کیرئیر کا آغاز کیا تھا اور بہترین صحافی کے طور پر ابھر کر سامنے آئے تھے۔ انہوں نے دو سال تک صوبائی وزیر تعمیرات عامہ ڈاکٹر محمد اقبال کے ساتھ بھی خدمات سر انجام دیں جبکہ آغا خان یوتھ اینڈ سپورٹس بورڈ حلقہ تین کے چیئرمین کی حیثیت سے خدمات سر انجام دے رہے تھے، ان کی وفات پر سیاسی، سماجی اور عوامی حلقوں نے گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے ایصال ثواب کیلئے دعا کی ہے اور پسماندگان سے دلی تعزیت کی ہے۔