امواتمتفرق

بلاول بھٹو کا گوجال سے تعلق رکھنے والے پارٹی رہنما بہادر خان کی موت پر اظہارِ‌تعزیت، خدمات کو خراج تحسین پیش کیا

کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیرمین بلاول بھٹو زرداری نے پارٹی کے دیرینہ رہنما بہادر خان کی موت پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے آفیشل ٹوئٹر اکاونٹ سے جاری ایک بیان کے مطابق بلاول بھٹو زرداری نے سب ڈویژن گوجال کے علاقے وادی افگرچ سے تعلق رکھنے والے بہادر خان کی موت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوے ان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔

بیان کے مطابق چیرمین بلاول نے کہا ہے کہ مرحوم بہادر خان نے پارٹی قیادت کی تین نسلوں کے ساتھ مل  کر عوامی حقوق کے لئے جدوجہد کی ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ مرحوم نے پوری زندگی ہنزہ میں فکرِ بھٹو کا پرچم تھامے رکھا۔

سیاسی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ، مرحوم بہادر خان نے علاقے کی سماجی اور معاشی ترقی میں بھی قائدانہ کردار ادا کیا ہے۔ بالخصوص خنژراف ویلی آرگنائزیشن (کے وی او) کی تشکیل اور تعمیر میں انہوں نے قائدانہ کردار ادا کیا تھا۔ انہوں نے گاوں کی تعلیمی ترقی میں بھی اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے ہنزہ سے راجگی کے خاتمے کی تحریک میں بہت متحرک اور اہم کردار ادا کیا۔ ان کی خدمات طویل عرصے تک یاد رکھی جائیں گی۔

یادرہے کہ مرحوم بہادر خان چار روز قبل مختصر علالت کے بعد اپنے آبائی گاوں سرتیزمیں وفات پا گئے تھے۔ ان کی عمر 82 سال تھی۔

مرحوم کو ان کے آبائی گاوں سرتِیز میں سپرد خاک کردیا گیا تھا۔ پسماندگان میں بیوہ چار پسران اور تین دختران شامل ہیں۔

Print Friendly, PDF & Email

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button