کالمز

گلگت بلتستان کا بے لگام شعبہ صحت

تحریر۔ اسرارالدین اسرار

پاکستان کے دیگر صوبوں کی طرح گلگت بلتستان میں بھی صحت کا شعبہ مافیاز کے لۓ منافع بخش کاروبار بن گیا ہے۔ جعلی دواٸیوں سے لیکر پراٸیوٹ کلینکس میں ہونے والی اندھا دھند لوٹ مار کی روز ایک نٸ کہانی سننے کو ملتی ہے۔ کورونا کے دوران سرکاری ہسپتالوں کے مارے ہوۓ لوگوں نے جب پراٸیوٹ کلینکس کا رخ کیا تو وہاں ان کے ساتھ جو ستم ڈھاۓ گۓ ان کی دستانیں بھی جگہ جگہ بکھری پڑی ہیں۔ حد تو اس وقت ہوگٸ جب کورونا کے مریضوں کو سرکاری ہسپتالوں اور پراٸیوٹ کلینکس کی طرف سے چیسٹ انفیکشن اور ٹاٸفاٸیڈ قرار دیکر غیر ضروری دواٸیاں دی جاتی رہیں۔ اس دوران ایک سینیٸر اور ماہر ڈاکٹر رحمان علوی سے رہا نہیں گیا اور انہوں نے کراچی سے اپنے ایک ویڈیو پیغام کے ذریعے یہ انکشاف کیا کہ گلگت بلتستان میں ٹاٸفاٸیڈ ٹسٹ جس کو بلڈ کلچر کہا جاتا ہے کی سہولت کہیں موجود ہی نہیں ہے لہزا کوٸی بھی ڈاکٹر کسی کو بغیربلڈ کلچر ٹسٹ کے ٹاٸفاٸیڈ کیسے قرار دے سکتا؟ اس کے باوجود گلگت بلتستان کے ہزاروں مریضوں میں کورونا کی واضع علامات کے باوجود ٹاٸفاٸیڈ قرار دے کر دواٸیاں دی جاتی رہیں ہیں۔ کورونا کے کٸ مریض ان غلط دواٸیوں کی وجہ سے موت کے منہ تک گۓ تاہم بعد ازاں کورونا کی تشخیص اور علاج کے بعد وہ جانبر ہوگۓ۔ اس دوران کٸ لوگ کورونا کے باعث جابحق بھی ہوگۓ مگر ان کے حوالے سے کوٸی تفصیلات موجود نہیں ہیں کہ ان کو کون کونسی دواٸیاں دی گٸیں تھیں۔ حیرت کا مقام یہ ہے کہ کورونا کے دنوں میں سرکاری ہسپتالوں میں ڈاکٹر ایک سے دو گھنٹہ ڈیوٹی دیتے رہے ہیں۔ چند ڈاکٹرزخوف کی وجہ سے اپنی پراٸیوٹ کیلنکس بند کرچکے ہیں جبکہ اکثر ڈاکٹروں کی تو گویا چاندی ہوگٸ ۔ ان کی کلینکس دن رات کھلی ہیں، روز سینکڑوں مریضوں کا جہاں آج بھی رش دیکھا جاسکتاہے اور کورونا کا کوٸی ایس او پی سرے سے فالو نہیں کیا جاتا ہے۔ یہی مریض ایک دوسرے کو کورونا منتقل کرنے کا باعث بھی بنتے رہے ہیں۔ بعض کلینکس میں ایک ہی طرح کی دواٸی ہر قسم کے مریضوں کو دیتے ہوۓ دیکھا گیا۔ اس رش کی وجہ سے ڈاکٹرز میڈیکل کی اخلاقیات بھی بھول گۓ ہیں اور وہ ایک مریض کو مشکل سے پانچ منٹس دیکھتے ہیں۔مرض کو تشخیص کرنے کی زحمت نہیں کی جاتی ہے اور خطرناک قسم کی اینٹی باٸیوٹک دواٸی دی جاتی ہے۔ مرض کی تشخیص اور اس کے بنیادی ٹسٹس کے لۓ وقت لگتا ہے اس لۓ تکے کی بنیاد پر علاج کیا جاتا ہے۔ کورونا کے ابتداٸی دنوں میں سرکاری ہسپتالوں میں آکسیجن کی قلت بہت شدید رہی ہے مگر شنید ہے کہ آجکل وہاں بڑی تعداد میں آکسیجن سلینڈرزاور وینٹلیٹرز سٹورز کی زینت بن کر پڑے ہیں کیونکہ محکمہ صحت کے سقراطوں کا خیال ہے کہ وہ کسی بڑی یا سفارشی شخصیت کی بیماری کی صورت میں کام آسکتے ہیں۔ان کا خیال ہے کہ کسی بڑی شخصیت کو کورونا ہونے کی صورت میں آکسیجن اور وینٹیلیٹر کی قلت کا سامنا کرکے شرمندہ نہ ہوجاٸیں اس لۓ انہوں نے ان کو سٹورز میں سنھبال کے رکھے ہیں۔

یہ تو کورونا کی صورتحال تھی اس کے علاوہ بھی محکمہ صحت جی بی روز اول سے ہی ذبوں حالی کا شکاررہا ہے تاہم کورونا کی وباٶ نے اس میں دوچند اضافہ کیا ہے۔ سابق وزیر اعلی حافظ حفیظ الرحمن اپنے دور حکومت میں صحت کے شعبہ میں انقلابی تبدلیوں کا ذکر کرتے پاۓ گۓ تھے ان کا بھانڈا بھی کورونا کے دوران پھوٹ گیا۔ اسپتالوں کی حالت دیکھ کر اندازہ ہوتا ہے کہ تقریروں کے ماہر وزیر اعلی نے محض تقریروں میں سارے کام کیا ہے گراونڈ پر کچھ نہیں کیا ہے۔ ہاں ٹھیکیداروں کو نوازنے کے لۓ عمارتیں اور سڑکیں ضروربناٸی گٸیں ہیں مگر اندر کی صورتحال تاحال دیگر گوں ہے۔ لوگ آج جب اسپتال یا پراٸیوٹ کلینکس جاتے ہیں تو ان کو اندازہ ہوتا ہے کہ ان کی صحت کے ساتھ کھلواڈ ہوتا ہے ۔ بعض باضمیر اور باکردار ڈاکٹروں اور محکمہ صحت کے عملہ کے علاوہ سب پیسے بنانے کے چکر میں ہیں۔ راقم ہمیشہ ڈاکٹروں کو قدر اور عزت کی نگاہ سے دیکھتا رہا ہے مگر کچھ مافیاز نے ان اچھی شہرت کے حامل ڈاکٹروں کو بھی بد نام کردیا ہے۔ اس کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ گلگت بلتستان میں کوٸی صحت کے شعبہ پر نظر رکھنے کے لۓ کوٸی کنٹرولنگ اتھارٹی نظر نہیں آتی ہے جو جعلی دواٸیوں اور دیگر غیرقانونی حرکات کو روک سکے۔ مارکیٹ میں جعلی دواٸیوں کی بھر مار ہے۔ دواٸیوں کی کمپنیوں اور بعض ڈاکٹروں اور پراٸیوٹ کلینکس کا آپس میں گڑھ جوڑ ہے۔ کوٸی نظام ایسا موجود نہیں جو سرکاری اسپتالوں کے ساتھ ساتھ پراٸیوٹ کلینکس کو ریگولیٹ کر سکے۔ جگہ جگہ انسانی صحت کے ساتھ کھیلاء جارہا ہے مگر زمہ داران خاموش تماشا ٸی بنے بیٹھے ہیں۔ دور دراز کے علاقہ جات ڈاکٹروں سے محروم ہیں وہاں کوٸی ڈاکٹر مہنے میں ایک دفعہ بھی جاکر کیمپ نہیں لگتا مگر گلگت شہر میں ان ڈاکٹروں نے پراٸیوٹ کلینکس کے بڑے بڑے کاروبار لگا رکھے ہیں جو فی مریض ہزار ،ہزار فیس لیکر سینکڑوں مریض روزانہ کی بنیاد پر چیک کرتے ہیں وہ نہ تو میڈیکل کے عالمی اور ملکی قوانین اور معیارات کو فالو کرتے ہیں اور نہ ان کو کورونا کے ایس او پیز کا خیال ہے۔

گلگت بلتستان میں شعبہ صحت مافیاز کے ہاتھوں یرغمال ہوچکا ہے جہاں عجیب و غریب ناموں کے ساتھ دواٸی ساز کمنیاں دھڑا دھڑ اپنے پراڈکٹس بھیجتی ہیں مگر ان کے معیار پر نظر رکھنے والی کوٸی اتھارٹی موجود نہیں ہے۔ پراٸیوٹ کلینکس میں صفاٸی، عمارت کی حالت زار، انتظار گاہ، واش رومز، پارکنگ، وہاں فروخت ہونے والی دواٸیاں، ٹسٹ مشینیں، فی گھنٹہ چیک ہونے والے مریضوں کی مقررہ تعداد اور فیس سمیت دیگر معاملات پر نظر رکھنے کے لۓ کوٸی قانون یا اتھارٹی موجود نہیں ہے۔ کٸ کلینکس مریضوں کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنے اور ان کی جانوں کے ساتھ کھیلنے کے بعد جب ان کی حالت غیر ہوجاتی ہے تب ان کو ملک کے کسی دوسرے شہر میں ریفرر کرتے ہیں۔ اسی طرح عام مریضوں کے ساتھ اسپتالوں اور کلینکس میں پیش آنے والے واقعات اور غیر انسانی رویوں کی شکایات درج کرانے کے لۓ کوٸی جگہ یا اتھارٹی بھی نہیں ہے۔ سرکاری اسپتالوں اور کلینکس میں اثر ورسوخ رکھنے والے مریضوں کے ٹسٹ تو وقت پر ہوتے ہیں ان کو وراڑ بھی مل جاتا ہے اور ڈاکٹرز ان کو دھیان سے چیک بھی کرتے ہیں جبکہ غریبوں کا کوٸی پرسان حال نہیں ۔ غریبوں کو تو نچلے عملے کا ہتک آمیز رویہ ہی مار دیتا ہے۔

ضرورت اس امر کی ہے کہ گلگت بلتستان میں تمام سٹیک ہولڈرز کی مشاروت سے جلد از جلد ہیلتھ پالیسی بناٸی جاۓ جس میں ہیلتھ سے متعلق تمام مساٸل کا احاطہ کرکے اس پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جاۓ۔ ہیلتھ سیکٹر کے مافیاز کے خلاف کریک ڈاٶن کیا جاۓ۔ پراٸیوٹ کلینکس اور دواٸی ساز کمپنوں کو سخت قوانین کے طابع کر کے ان کو باقاعدہ مانیٹر کیا جاۓ۔ گلگت بلتستان میں ہیلتھ کمیشن یا بورڈ بنا کر چیف سکریٹری بذات خود اس کی نگرانی کرے۔ صورتحال پر بروقت قابو نہیں پایا گیا تو مستقبل میں یہ گھناونا کھیل شدت اخیتار کرسکتا ہے۔ اگر انتظامیہ ٹس سے مس نہیں ہوتی ہے تو ہم چیف کورٹ گلگت بلتستان سے استدعا کرنے میں حق بجانب ہونگے کہ وہ اس ضمن میں سو موٹو ایکشن لیں تاکہ صحت سے متعلق انتظامیہ اپنی زمہ داری پوری کرسکے۔ دنیا بھر میں صحت کو انسان کا بنیادی حق تسلیم کیا گیا ہے ۔ ہمارے ہاں بھی صحت کو بنیاد حق کے طور پر تسلیم کرنے اور اس کے لۓ تمام تر وساٸل بروۓ کار لانے کی ضرورت ہے۔

نوٹ ۔ مذکورہ کالم ان مافیاز کے کرتوتوں کو بے نقاب کرنے کے لۓ لکھا گیا ہے جو انسانیت کے قاتل ہیں۔ باقی ان تمام باکردار اور بااصول ڈاکٹروں اور میڈیکل کے شعبہ سے وابستہ افراد کو ہم سلام پیش کرتے ہیں جو کسی بھی قسم کے ذاتی مفاد سے بالاتر ہوکر دن رات انسانی صحت کی بہتری کے لۓکام کرتے ہیں۔ یہ حقیقت ہے کہ صحت کے شعبہ کی زبوں حالی کے بارے میں ہم سے زیادہ وہ لوگ جانتے ہیں جو اس شعبہ سے وابسطہ ہیں جوکہ بارہا ان مساٸل کا ذکر کرتے بھی رہتے ہیں۔ گلگت بلتستان میں ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن نے کٸ مرتبہ پرس کانفرنسسز کے زریعے ان مساٸل کی نشاندہی کرنے کے ساتھ ان کے حل کا مطالبہ بھی کیا ہے۔

آپ کی رائے

comments

متعلقہ

Back to top button