اہم ترین

بالائی چترال کی بحالی اور ترقی کے لئے ہر ممکن مدد فراہم کریں‌گے، وزیر اعلی محمود خان

چترال (نمائندہ خصوصی) وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا ہے۔ کہ آفات نے چترال اور سوات کو گھیر لیا ہے۔ اور بڑے پیمانے پر انسانی جانیں اوراملاک کو نقصان پہنچا ہے۔ ہماری پوری ہمدردیاں متاثرین کے ساتھ ہیں۔ انشا اللہ ان کی بحالی کیلئے مکمل اقدامات کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتے کے روز چترال کے ایک روزہ دورے کے موقع پر ریشن میں متاثرین سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ چیف سیکرٹری اور کمشنر ملاکنڈ سیدظہیرالاسلام موجود تھے۔ وزیر اعلی نے کہا کہ میں نے کئی مرتبہ اچھے دنوں میں چترال کا دورہ کیاہے۔مگر آج سیلاب کے موقع پر آپ کی خیریت دریافت کرنے آپ کے پاس آیا ہوں۔ اور تمام متاثرین سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ یہ حکومت آپ کی ہے اور اس حکومت نے آپ کو اپرچترال ضلع کا تحفہ دیا ہے۔ یہ نوزائیدہ ضلع ہے۔ لیکن ہم اس کو ایک تناور اور مضبوط ضلع بنانے میں آپ کی مدد کریں گے۔ اور وسائل مہیا کریں گے انہوں نے کہا کہ ریشن پل کے بہہ جانے کے حوالے سے معاون خصوصی وزیرزادہ اور کمشنر ملاکنڈ نے مجھے فون پر بتایا تھا۔ پل سیلاب میں بہہ جانے سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ جس کا مجھے ادراک ہے۔ اس لئے ہم نے پل کی بحالی کیلئے ا نتظامات کر دیے ہیں۔

وزیر اعلی نے کہاکہ سیلاب کے اسسمنٹ جاری ہیں۔ جوں ہی اسسمنٹ مکمل ہوں گے۔ پیکیج کا اعلان کیا جائے گا۔ وزیر اعلی نے اس موقع پر متعلقہ اداروں کو حکم دیا کہ سیلاب متاثرین کو مسائل سے نکالنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کر یں۔

قبل ازین جب وزیر اعلی بذریعہ ہیلی کاپٹر ریشن پہنچے۔ تو ایم این اے مولانا عبد الاکبر، ایم پی اے مولانا ہدایت الرحمن، ڈپٹی کمشنر اپر چترال شاہ سعود ڈی پی او اپر چترال نے ان کا استقبال کیا۔ ڈپٹی کمشنر شاہ سعود نے وزیر اعلی کو سیلاب کے حوالے سے بریفنگ دی اس موقع پر ڈپٹی کمشنر اپر چترال کی طرف سے وزیر اعلی، چیف سیکرٹری اور کمشنر ملاکنڈ کو چوغہ اور ٹوپی پہنائے گئے۔ وزیر اعلی نے سیلاب متاثرین میں ایک ایک لاکھ روپے کے چیک تقسیم کئے۔ وزیر اعلی بعد آزان سیلاب سے متاثرہ گولین وادی کا دورہ کیا۔

اس موقع پر معاون خصوصی وزیر اعلی وزیر زادہ،ڈپٹی کمشنر لوئر چترال نوید احمد اور ڈی پی او اور صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن نیاز اے نیازی ایڈوکیٹ نے ان کا استقبال کیا۔ موسم کی خرابی کے باعث یہاں تقریب کو مختصر کیا گیا۔ اس موقع پر صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن نیاز اے نیازی ایڈوکیٹ اور نائب صدر سجاد اللہ نے وزیر اعلی کو چوغہ اور ٹوپی پہنایا۔ اور چترال کی مجمو عی صورت حال پر روشنی ڈالی۔ ڈپٹی کمشنر نوید احمد نے سیلاب کی تباہ کاریوں کے حوالے سے وزیر اعلی کو بریفنگ دی۔ وزیر اعلی نے چھ متاثرین میں ایک لاکھ اور پچاس ہزار امدادی چیک تقسیم کئے۔ واپڈا کی طرف سے بھی نقصانات کی تفصیلات بارش شروع ہونے کی وجہ سے نہ دی جا سکیں۔ تاہم وزیر اعلی نے ایک صحافی کی درخواست پر گولین میں موبائل ٹاور کی تنصیب اور سکول کی تعمیر کا وعدہ کیا۔ وزیر اعلی بعد آزان واپس روانہ ہو گئے۔

Print Friendly, PDF & Email

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button