گاڑی کا پنکچر ہونا معمول کی بات ہے، نیٹکو کے خلاف سیاسی اور ذاتی وجوہ کی بنیاد پر کمپین چلائی جارہی ہے، ترجمان
گلگت (پ ر) ناردرن ایریاز ٹرانسپورٹ کارپوریشن (نیٹکو) سےجاری کردہ ایک تردیدی بیان میں کہا گیا ہےکہ ادارے کے خلاف ایک پولیٹکلی موٹویٹٹڈ (سیاسی مقاصد کے لئے) کمپئین چلائی جارہی ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اس سے پہلے بھی نیٹکو کے خلاف ایسے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کئے جاتے رہے ہیں۔ حالانکہ راستے میں ٹائرکا پنکچر ہونا معمول کی بات ہے جس کو موقع پر ہی تبدیل کرکے منزل کی جانب گاڑیاں روانہ ہوتی ہیں۔
فیس بُک اور ٹویٹر پرا وائرل ہوجانے والی نیٹکو کی گاڑی کے حوالے سے انہوں نے کہا ہے کہ ٹائر پنکچر ہونے کو اس طرح بڑھا چڑھا کر پیش کرنا اور ایک بہت بڑے حادثے کا تاثر دینا سراسر بد نیتی پر مبنی ہے۔۔ دوران سفر پنڈی سے خپلو جاتے ہوئے غواڑی کے مقام پر گاڑی کا ٹائر برسٹ ہوا تھا جو گرمی کے موسم میں اکثر ہوتے ہیں ۔ اس گاڑی میں سپئیر ٹائر بھی موجود ہے جو ڈرائیور تبدیل کرنے میں مصروف ہے۔۔ اسی دوران کسی بدخواہ نے تصویر فیس بک پر اپلوڈ کی ہے تاکہ نیٹکو کی ساکھ کو نقصان پہنچا کر سیاسی اور دیگر مقاصد حاصل کئے جا سکیں۔ نیٹکو کی کوسٹر اسی وقت ٹائر تبدیل کر کے خپلو پہنچ چکی ہے اور تمام پسنجر اپنے گھروں میں بھی پہنچ چکے ہیں۔
یاد رہے کہ فیس بُک پر وائرل ہونے والی تصویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ گاڑی کی پھٹی ہوئی ٹائر رسی سے باندھی گئی ہے۔ یہ تصویریں دیکھنے کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے نیٹکو پر تنقید اور الزامات کی بوچھاڑ کردی تھی۔
نیٹکو کے ترجمان نے مزید کہا ہے کہ ادارے کی فلیٹ میں 2006 ماڈل کی کوسٹر گاڑیاں شامل ہیں اور ان گاڑیوں کے خلاف مسلسل کمپین چلائی جارہی ہے یہ کہہ کر کہ خپلو سٹیشن کو نظر انداز کیا گیا ہے اور پرانی گاڑیوں پر ٹرخایا گیا ہے ۔ حالانکہ اسی ماڈل کی کوسٹر گاڑیاں چلاس ، استور، داریل اور تانگیر سے بھی چلائی جارہی ہیں لیکن کبھی کسی نے اس قسم کی کمپین نہیں چلائی۔ بلکہ ہمیشہ نیٹکو انتظامیہ کے ساتھ تعاون کرتے رہے ہیں ۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ نیٹکو کے آئندہ ہونے والے اجلاس میں نئی گاڑیاں خریدنے کے لئے ایک ایجنڈا رکھا گیا ہے تاکہ تمام سٹیشنوں کو برابری کی بنیاد پر گاڑیوں کی منصفانہ تقسیم عمل میں لایا جائے اور عوام کو بہترین اور معیاری سفری سہولیات بہم پہنچائی جائیں۔۔
دوسری طرف سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی تصویروں کا نوٹس لیتے ہوے ایکسائز پولیس نے مذکورہ کوسٹر گاڑی کو اپنی تحویل میں لے لیا ہے۔