اہم ترین

گلگت بلتستان میں سڑکوں کی تعمیر سے سیاحت کے لیے نئی راہیں کھلیں گی ،وفاقی وزیر اسد عمر

اسلام آباد :وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ترقی و خصوصی اقدامات اسد عمر نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان میں سڑکوں کی تعمیر سے سیاحت کے لیے نئی راہیں کھلیں گی ، روزگار کے مزید مواقع پیدا ہونگے اور خطے کے لیے سماجی و اقتصادی ثمرات حاصل کرنے میں اہم کردار ادا کر یں گی ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو پی ایس ڈی پی کے تحت ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ممبران امپلی مینٹیشن اینڈ مانیٹرنگ پلاننگ کمیشن، ڈی جی مانیٹرنگ اینڈ ایویلیوایشن اور سینئر حکام نے شرکت کی۔

وزیر کو مانیٹرنگ کے لیے پرائیویٹ سپیشلسٹ فرموں کی خدمات حاصل کرنے اور بڑے ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔وزیر کو گلگت بلتستان میں دو بڑی سڑکوں کی تعمیر کے حوالے سے پیشرفت کے بارے میں بریفنگ دی گئی جن میں جگلوٹ – سکردو روڈ (167 کلومیٹر) کی اپ گریڈیشن اور چوڑائی اور “جی بی کی نلتر ویلی روڈ پر تازہ ترین پیشرفت” پر بریفنگ دی گئی۔

اسدعمر نے متعلقہ محکمے کو ہدایت کی کہ “جگلوٹ – سکردو روڈ (167 کلومیٹر) کی اپ گریڈیشن اینڈ وائیڈننگ” منصوبے کے بقیہ دو پلوں پر تیزی سے کام کیا جائے جو کہ گلگت بلتستان کی ایک انتہائی اہم شاہراہِ ہے اور اسے جلد از جلد مکمل کیا جائے۔ اس سے خطے میں ملکی اور بین الاقوامی سیاحت کو متحرک اور فروغ ملے گا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ نلتر ویلی روڈ کی دو تہائی سے زائد لمبائی بلیک ٹاپ کر دی گئی ہے۔ وزیر نے جون 2022 تک سڑک کی تکمیل کو یقینی بنانے کے لیے مطلوبہ وسائل کو مکمل طور پر متحرک کرنے کی ہدایت کی۔

انہوں نے کہا کہ سڑک کا یہ منصوبہ سیاحت کے لیے دروازے کھولے گا اور روزگار کے مزید مواقع پیدا کرنے اور خطے کے لیے سماجی و اقتصادی ثمرات حاصل کرنے میں کردار ادا کرے گا۔

Print Friendly, PDF & Email

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button