اہم ترین

گلگت بلتستان میں19ویں کینسر ہسپتال کا قیام پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کا قابل ستائش قدم ہے ،وفاقی وزیر اسد عمر

اسلام آباد :وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات اسد عمر نے کہا ہے کہ پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کو بین الاقوامی جوہری توانائی کے تصور کردہ ایٹم فار پیس پروگرام پر ملک میں عملدرآمد کا اہم کردار سونپا گیا ہے،کمیشن کئی دہائیوں سے جوہری توانائی، زراعت اور بائیو ٹیکنالوجی اور صنعتی استعمال کے شعبوں میں جوہری ٹیکنالوجی کے استعمال کے ذریعے قابل ستائش قومی خدمات انجام دے رہا ہے۔

گلگت بلتستان میں کینسر ہسپتال کا قیام کمیشن کا قابل ستائش قدم ہے ۔پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کی طرف سے جمعہ کو جاری پریس ریلز کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے گلگت انسٹی ٹیوٹ آف نیوکلیئر میڈیسن، آنکولوجی اینڈ ریڈیو تھراپی (جی آئی این او آر) کے نام سے اپنے 19ویں اٹامک انرجی کینسر ہسپتال (اے ای سی ایچ )کی افتتاحی تقریب سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کے دوران کیا ۔

پاکستان اٹامک انرجی کمیشن(پی اے ای سی ) نے جمعہ کو یہاں گلگت انسٹی ٹیوٹ آف نیوکلیئر میڈیسن، آنکولوجی اینڈ ریڈیو تھراپی (جی آئی این او آر) کے نام سے اپنے 19ویں اٹامک انرجی کینسر ہسپتال (اے ای سی ایچ )کا باقاعدہ افتتاح کیا۔

اسد عمر نے کہا کہ پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کی جانب سے صحت کے شعبے میں خاص طور پر اے ای سی ایچ کے ذریعے کینسر کی تشخیص اور علاج کے لیے سب سے قابل تعریف کردار کا مشاہدہ کیا گیا ہے۔انہوں نے کہاکہ جی آئی این او آر کے نام سے پی اے ای سی کے زیر انتظام 19ویں کینسر ہسپتال کا افتتاح کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے جو یقینا گلگت بلتستان کی تقریبا 1.5 ملین آبادی کو بڑا ریلیف فراہم کرے گا۔

ہماری حکومت نے”صحت سہولت پروگرام” کے نام سے ملک گیر فلیگ شپ اقدام شروع کیا ہے جس کا مقصد معاشرے کے پسماندہ طبقوں کو معیاری صحت کی دیکھ بھال اور انشورنس فراہم کرنا ہے اور جی آئی این او آر میں اسے نافذ کرکے حکومت اس بات کو یقینی بنائے گی کہ کینسر کے مریض بھی اس سے فائدہ اٹھا سکیں۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ پی اے ای سی آزاد کشمیر میں بھی کینسر کے اگلے ہسپتال کی منصوبہ بندی کے لیے تعریف کا مستحق ہے”۔قبل ازیں ممبر سائنس پی اے ای سی ڈاکٹر مسعود اقبال نے وفاقی وزیر اور حکومت اور ایس پی ڈی کی طرف سے, شروع کیے گئے صحت کے شعبے کے منصوبوں کی مسلسل سرپرستی پر شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ پی اے ای سی کے زیر انتظام کینسر ہسپتالوں کے موجودہ صف میں جی آئی این او آرکا اضافہ بہت مفید ثابت ہو گا۔

یہ گلگت بلتستان (جی بی) سے تعلق رکھنے والے کینسر کے مریضوں کے لیے ایک عظیم نعمت سے کم نہی ہے۔ انہوں نے جی آئی این او آر اور یہاں فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر میں پی اے ای سی کے 20ویں کینسر ہسپتال کی تعمیر جلد شروع کی جائے گی۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلی گلگت بلتستان خالد خورشید خان نے گلگت میں اسٹیٹ آف دی آرٹ کینسر ہسپتال جی آئی این او آرکے قیام پر وفاقی حکومت اور پی اے ای سی کا شکریہ ادا کیا، انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ ہسپتال گلگت بلتستان اور گردونواح کے لوگوں کو بڑا ریلیف فراہم کرے گا۔ کیونکہ جی بی کے علاقے میں کینسر کے مریض بڑھ رہے تھے۔

جی آئی این او آرکی طرف سے لوگوں کی دہلیز پر تشخیصی اور علاج معالجے کی سہولیات کی فراہمی ان کے لیے باعث رحمت ہو گی۔ تقریب میں وڈیو لنک پر ڈائریکٹر جنرل، سٹریٹجک پلانز ڈویژن (ایس پی ڈی) لیفٹیننٹ جنرل ندیم ذکی منج اور چئیرمین پاکستان اٹامک انرجی کمیشن محمد نعیم نے بھی شرکت کی جبکہ جی آئی این او آر میں افتتاحی تقریب میں گلگت بلتستان کے معززین اور اعلی حکام نے شرکت کی۔

Print Friendly, PDF & Email

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button