گلگت بلتستان میںخودکشیوںکے بڑھتے ہوے واقعات پر شدید تشویش کا اظہار، جنگی بنیادوںپر اقدامات کا عزم
گلگت : چیف سیکریٹری گلگت بلتستان محی الدین احمد وانی نے گلگت بلتستان میں خودکشیوں کے بڑھتے ہوئے مسئلے فوری نوٹس لیتے ہوئے طبی ماہرین،سول سوسائٹی،ماہر نفسیات، سائیکاٹرسٹ، کلینکل ماہرین کا اجلاس طلب کرلیا۔چیف سیکریٹری گلگت بلتستان کی زیر صدارت اس اہم اجلاس میں خطے میں بڑھتے ہوئے خودکشیوں کے رجحان کے روک تھام اور سدباب کے حوالے سے اہم اقدامات پر زور دیا گیا۔عوام الناس اور معاشرے کے ہر فرد کو شعور اجاگر کرنے کے لئیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرنے پر اتفاق کیا گیا اور تمام اضلاع کے زمہ داران کو خود کشیوں کے محرکات پر خصوصی جائزہ لینے کی ہدایات جاری کئیے۔اس موقع پر ماہرین غذا، ماہرین تعلیم، اور سماجی بہبود کے پیشہ ور افراد نے خودکشیوں اور معاشرے میں پائے جانے والے دیگرمسائل اور ان کے پائیدار حل پر سیر حاصل گفتگو کی۔
چیف سیکریٹری گلگت بلتستان نے خودکشیوں کے بڑھتے یوئے واقعات میں خطرناک حد تک اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے جنگی بنیادوں پر اس اہم مسئلے کو حل کرنے کے فوری احکامات جاری کرتے ہوئے حکم دیا کہ اس مسئلے کے روک تھام کیلئے فوری اقدامات ناگزر ہیں اور عوام میں آگاہی پھیلانے،عوام تک پہنچنے اور انسانی جان بچانے میں ٹیکنالوجی کا استعمال کرنے کے لیئے ایک ۔”ایپ” تیار کرنے کی بھی ہدایت کی اور مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے پائیدار منصوبہ بندی کے تحت کام شروع کرنے کی بھی ہدایت دی۔انہوں نے حکام کو ہدایت کی کہ وہ اسکولوں میں اساتذہ کے ساتھ خصوصی نشست کا اہتمام کرنے، میڈیا مہم چلانے اور مختلف سیمینارز کے انعقاد سے وسیع پیمانے پر آگہی و شعور دینے میں مدد کریں۔چیف سیکریٹری گلگت بلتستان نے علاقے میں کھیلوں، ثقافتی سرگرمیوں، فنون لطیفہ، تہواروں، ورزش اور فٹنس و دیگر مراکز کے قیام پر بھی زور دیا۔اجلاس میں تمام شرکاء نے مل کر کام کرنے، دوسرے اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ تعاون کرنے اور خودکشیوں کے تدارک اور روک تھام میں کردار ادا کرنے پر بھی اتفاق کیا۔