کھرمنگ(نمائندہ خصوصی)سٹوڈنٹس سوسائٹی ڈونگس سرمیک(SSDS) کے زیر اہتمام تعلیمی سمینار کا انعقاد.
طلبہ تنظیم سٹوڈنٹس سوسائٹی ڈونگس سرمیک کے زیر انتظام دوسرا سالانہ تعلیمی سمینار اشرف نور شہید ہائی سکول سرمیک میں منعقد ہوا۔ سمینار کا مقصد طلبہ و طالبات کو جدید تعلیمی تقاضوں سے آگاہی کے ساتھ ساتھ بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ و طالبات میں نقد انعامات، تعریفی اسناد اور میڈلز تقسیم کرکے ان کی حوصلہ افزائی کرنا تھا۔
اس تقریب میں ہر سال مخلتف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے پیشہ ورانہ ماہرین، تعلیم و ترقی کے حوالے سے نامور شخصیات اور مقامی طلبہ کی نمائندہ شخصیات کو مدعو کیا جاتا ہے۔ اس سال اس تقریب کے مہمان خصوصی وزیر وقار، صدارت پر پرنسپل آرمی پبلک سکول سکردو راجہ امتیاز جبکہ پی ایچ ڈی سکالر منظور حسین، نامور ماہر تعلیم پروفیسر عبدالرحمان میر لیکچرار جامعہ بلتستان اور باقر حاجی، ایاز نائیک ، پروفیسر ظہیر بھی تقریب میں شریک تھے۔
سمینار میں طلبہ نے تلاوت کلام الہی، حمد باری تعالی اور نعت رسول مقبول کے ساتھ ساتھ اردو اور انگریزی زبانوں میں تقاریر پیش کئے۔ مہمانوں نے تعلیم کی اہمیت، طلبہ اور اساتذہ کی جملہ ذمہ داریوں، اور تعلیمی ماحول کے قیام اور فروغ میں مقامی سماجی کارکنان، علماء اور والدین کے مثبت کردار پر روشنی ڈالی۔ معروف موٹیویشنل سپیکر اور پرنسپل آرمی پبلک سکول سکردو راجہ امتیاز نے قرآن پاک اور احادیث کی روشنی میں تعلیم کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور طلبہ کی خوب حوصلہ افزائی کی۔ پروفیسر منظور نے اپنے تعلیمی کیرئیر کی مثال پیش کرتے ہوئے تعلیمی میدان میں اکثر طلبہ کو پیش آنے والے مسائل پر گفتگو کی۔ انہوں نے تعلیم کو نمبر اور گریڈ کے حصول کی دوڑ بنانے، ناکامی پر دلگرفتہ ہونے اور خود کشی جیسے ناعاقبت اندیش انجام کی جانب بڑھنے جیسے اہم مسائل پر مدلل گفتگو کی۔ پروفیسر عبدالرحمان میر نے مقامی اساتذہ کی سمینار میں عدم شرکت پر تنقید کرتے ہوئے اسے سنگین کاہلی اور علم دشمنی سے تعبیر کیا۔ انہوں نے طلبہ تنظیم کی علم دوست کاوشوں کی خوبصورت الفاظ میں تعریف کی۔ مقامی سیاسی شخصیت محمد حسین حالی نے بھی اساتذہ کرام کی مذہبی سرگرمیوں میں شمولیت اور تعلیمی کامیابیوں کو محض دعاوں کے سبیل پر چھوڑنے اور گھروں پر طلبہ کو توجہ نہ ملنے پر شدید تنقید کی۔ اخوند محمد ابراہیم نے خطاب میں قرآن مجید کی روشنی میں جاننے اور نہ جاننے والوں کے حوالے آیات کی تفسیر پیش کی۔ انہوں نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور طلبہ تنظیم کی کاوشوں کو سراہا۔ ریجنل منیجر ای ایف یو ایاز علی نائک نے بطور مہمان خطاب کرتے ہوئے طلبہ تنظیم کی کوششوں کو داد دی۔ انہوں نے اس سلسلے میں اپنی جانب سے مستقبل میں بھی ہر قسم کے تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔تقریب سے خطاب میں باقر حاجی نے تعلیمی ماحول کے قیام میں طلبہ تنظیم، زیر تعلیم طلبہ اور والدین کے کردار پر گفتگو کی۔ انہوں نے ڈونگس سٹوڈنٹس سوسائٹی کے سرپرستوں، عہدیداروں اور معاونین کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔ مہمانوں نے طلبہ کے لئے نقد انعامات کے اعلانات بھی کئے۔