اہم ترین

لینڈ ریفارمز بل پر اتفاق رائے پیدا کرنے کے لئے وسیع پیمانے پر مشاورت کی جائے، وزیر اعلی

گلگت : وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے لینڈ ریفارمز کے حوالے سے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کے دو روزہ کانفرنس کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کومعاشی خودکفالت کی راہ پر گامزن کرنے اور خطے کی تعمیر و خوشحالی کیلئے لینڈ ریفارمز ایکٹ اہم سنگ میل ثابت ہوگا، عوام کے بنیادی حقوق کا دیرینہ مطالبہ لینڈر یفارمز ایکٹ کے ذریعے حل کیا جائیگا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ لینڈ ریفارمز بل موجودہ حکومت کا تاریخی اقدام ہے اور پچھلے پچھتر سالوں میں پہلی بار اس دیرینہ مسلہ کے پائیدار حل کیلئے راہ متعین کر دی گئی ہے۔
وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے مزید کہاکہ ڈپٹی کمشنر ز آئندہ 10دنوں میں اپنے متعلقہ اضلاع میں گلگت بلتستان لینڈ ریفارمز بل کے مسودےپر مقامی نمبرداران، سول سوسائٹی، بار کونسلز، صحافی تنظیموں اور مقامی کمیونٹی کے ساتھ وسیع تر مشاورت اور اتفاق رائے کیلئے فوری اقدامات اٹھائیں اورعوام کو مجوزہ اراضی اصلاحات کے فوائد و ثمرات سے پوری طرح آگاہ کرنے اور فیصلہ سازی کے عمل میں ان کی شمولیت یقینی بنانے کیلئے مشاورت سازی کا عمل تیز کریں
تاکہ وسیع تر مشاورت سے گلگت بلتستان کے عوام کی آزادانہ رائے سے ان تجاویز کو عملی جامہ پہنانے کی راہ نکالی جائے اور عوامی خدشات اور تحفظات کا حل تلاش کیا جا سکے۔
انہوں نے اس موقع پر مزید کہا کہ حکومت کے عوامی فلاحی ویژن کے مطابق عوام کو ان زمینوں کے ملکیتی حقوق دینگے، زرعی شعبے کیلئے مختص زمینوں کو صرف زرعی مقاصد کیلئے استعمال کیا جاسکے گا، ریسورس مینجمنٹ کے تحت خطے کے وسائل کو عوامی فلاح و بہبود کیلئے بروئے کار لائینگے ، اس ایکٹ کے تحت زمینوں پر ناجائز تجاویزات کا خاتمہ کیا جاسکے گا، لینڈ ریفارمز ایکٹ کو منفی سیاست کی نذر نہیں ہونے دینگے، لینڈ ریفارمز کا اصل مقصد عوام کو خوشحال بنانا اور انہیں زمینوں کا مالک بنانا ہے۔ مشاورت کے عمل کو وسیع کرنے کیلئے نمبرداران اور عمائدین کی کانفرنس کا بھی انعقاد کیا جائے گا اور سیاسی جماعتوں کیساتھ مشاورت کیلئے آل پارٹیز کانفرنس کا انعقاد کیا جائیگا اور نوروز سے قبل تمام اسٹیک ہولڈرز کے اتفاق رائے سے ترتیب دیا گیا لینڈ ریفارمز ایکٹ اسمبلی میں پیش کیا جائے گا۔
گلگت بلتستان لینڈ ریفارمز ڈرافٹ پر بحث و تمحیص کیلئے منعقد کردہ دو روزہ ڈپٹی کمشنرز اور کمشنرز کانفرنس کی اختتامی تقریب میں سنئیر وزیر راجہ زکریا، ڈپٹی اسپیکر نذیر ایڈوکیٹ، وزیر تعلیم راجہ اعظم خان، وزیر خزانہ جاوید منوا اور چیف سیکریٹری گلگت بلتستان محی الدین احمد وانی سمیت صوبائی سیکریڑیز اور تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز اور بورڈ آف ریونیو کے حکام نے شرکت کی۔
اختامی تقریب میں وزیر اعلی گلگت بلتستان کے سیکریٹری عثمان احمد نے لینڈ ریفارمز بل کے اغراض و مقاصد اور مختلف پہلووں کا جائزہ پیش کیا۔ سنئیر ممبر بورڈ آف ریونیو ولی خان نے مجوزہ ڈرافٹ بل پراب تک ہونیوالی پیشرفت سے آگاہ کیا جبکہ کمشنر بلتستان ڈویژن شجاعت عالم نے لینڈ ریفارمز بل کے مسودے کے چنیدہ نکات پر بریفنگ دی۔
چیف سیکریٹری گلگت بلتستان محی الدین احمد وانی نے اس موقع پر اپنے خطاب میں گلگت بلتستان لینڈ ریفارمز بل کو گلگت بلتستان کے عوام کو بااختیار بنانے، عوام کا معیار زندگی بلند کرنے ، سماجی تبدیلی اور معاشی ترقی کی جانب اہم قدم قرار دیا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اس بل کی منظوری کے بعد نہ صرف عوام کو زمینوں کے ملکیتی حقوق میسر ہونگے بلکہ غذائی قلت، آبادکاری کے مسائل، دیہی علاقوں سے شہروں کی طرف نکل مکانی اور امن و امان و ماحولیاتی آلودگی کے مسائل سے بھی چھٹکارا ملے گا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ اس بل پر سول سوسائٹی اور مقامی کمیونٹی کو اعتماد میں لیا جائے اور انہیں لینڈ ریفارمز سے ہونیوالے ثمرات سے آگاہ کیا جائے اور ان کے تحفظات اور خدشات کو دور کرنے کیلئے اقدامات کئے جائیں تاکہ عوامی حمایت سے گلگت بلتستان کے دیرینہ مسلہ کا فوری حل تلاش کیا جا سکے اور بنجر زمینوں کی آبادکاری اور فوڈ سیکیورٹی کے مسائل کے حل کیلئے حکومت واضح فریم ورک وضع کر سکے۔
Print Friendly, PDF & Email

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button