پوروسٹینگ کو اگر درکوت کا چہرہ کہا جائے تو غلط نہیں ہو گا۔ یا پھر وادی درکوت کے ماتھے کا جھومر، اس کے وست سے گزرتا ہوا سڑک اس کے گلے کا ہار جیسا ہے ۔ ۔ ۔
تحصیل یاسین کے گاؤں وادی درکوت کی خوبصورتی کا دارومدار تقریباً اسی علاقے اور اس سے جڑی اردگرد کے علاقوں پر ہے، جس میں درکوت پولوگراؤنڈ بھی شامل ہے۔ یہ علاقہ پولوگراؤنڈ سے شروع ہو کے چمی چل سے ہوتا ہوا زیارت یارے تک پھیلا ہوا ہے، جو مجموعی طور پر درکوت کا تقریباً 25 فیصد حصہ بن جاتا ہے۔ موسم بہار میں یہ ہری گھاس اور سرما میں سفید برف کی چادر اوڑھ لیتا ہے، دونوں منظر دل کو چھو جاتے ہیں ۔ یہ علاقہ عام چرا گاہ کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے ۔ بظاہر دیکھنے میں یہ ایک پارک کی مانند لگتا ہے۔ درکوت کی زیادہ تر آبادی پروسٹینگ کے دائیں اور بائیں جانب رہائش پذیر ہیں۔ کچھ سالوں قبل تک دیسی چکیوں کو پانی مہیا کرنے والے دو الگ الگ اور ساتھ ساتھ بہنے والے نہریں کسی پرستان کا منظر پیش کرتے تھے، لیکن وقت کے ساتھ ساتھ بجلی سے چلنے والے چکیوں کی وجہ سے دیسی چکیوں کا استعمال ختم ہوا تو اس کے ساتھ ہی برصوں پرانے یہ دو الگ الگ اور ساتھ ساتھ بہنے والے نہروں کی دیکھ بھال میں بھی کمی آ گئی اور یوں ان نہروں سے گزرنے والے پانی کو بند کیا گیا، جس سے نہ صرف اس علاقے کی خوبصورتی میں کمی آ گئی، بلکہ اس سے جڑے درکوت کے باسیوں کے برسوں پرانے انگنت اور انمٹ خوبصورت یادیں بھی اپنے ساتھ بہا لے گئی ۔گرمیوں میں جب دوپہر کے وقت اسکول سے واپس آ جاتے تھے تو راستے میں ان نہروں کے ٹھنڈے پانی سے کھیلتے کھیلتے گھر پہنچ جاتے تھے۔ کبھی کبھی یار دوست مل کر چلتے چکی کا پانی بند کرتے تھے اور مچھلیاں پکڑ لیتے تھے، جس سے چکی کے مالکوں سے ڈانٹ بھی پڑتی تھی، اور کبھی کبھی بات پنچا ئیت تک بھی پہنچ جاتی تھی۔
پوروسٹینگ چونکہ عام چراگاہ کے طور پر استعمال ہوتا ہے، جس کی وجہ سے اکثر گرمیوں میں ہر قسم کے پالتو جانوروں سے بھرا بھرا رہتا ہے، اس کے علاوہ جنگلی اور پالتو مرغابیوں (بطخ) کی بھی پسندیدہ جگہ ہے۔ مستقبل قریب میں یہ جگہ مچھلیوں کے فارمنگ کے لئے بھی بہت موزوں ہے۔ اس کے علاوہ جھونپڑی نما دیسی ساخت کے چھوٹے چھوٹے ہٹس (Huts) اور کیمپنگ کے لئے بھی یہ جگہ شاندار ہے۔
پروسٹینگ سے جڑا ہوا پولوگرؤنڈ کےدونوں اطراف بچوں کے کھیلنے کے لئے جھولے بھی اس علاقے کی خوبصورتی اور سیاحتی ضروریات پوری کرنے کے لئے بہت ضروری ہے۔ اسکول، کالج اور یونیورسٹی کے طلباء و طالبات کے سالانہ پکنک (اسٹڈی/مطالعاتی ٹورز) کے لئے یہ ایک بہترین جگہ ہے، کیونکہ فٹ بال، والی بال اور کرکٹ کھیلنے کے لئے گراؤنڈ اور اس کے ساتھ جڑا چشمے کا صاف پانی تمام ضروریات پوری کرتا ہے۔ ٹرانسپورٹ پارکنک کی وسیع جگہ موجود ہے۔ضرورت اگر ہے تو وہ ہے ایک پبلک ٹائلٹ کی۔
اب انتظار کس کا، اور ملال کس بات کی
آؤ چلو چلیں، سیر کریں پوروسٹینگ کی ۔ ۔ ۔