گزشتہ سال بلتستان ڈویژن کے چاروں اضلاع میں ہسپتالوں نے ساڑھے سات لاکھ سے زاید مریضوں کا علاج کیا
سکردو ( محمد علی عالم سے )
محکمہ صحت بلتستان ریجن کی جاری کردہ سال 2024 کی رپورٹ کے مطابق بلتستان کے چاروں اضلاع میں مجموعی طور پر 7,44,716 آؤٹ ڈور اور 27,785 انڈور مریضوں کا علاج کیا گیا۔ اس دوران 29,186 مریضوں کے معمولی آپریشن کیے گئے، جبکہ آر ایچ ہسپتال سکردو اور ڈی ایچ کیو ہسپتال خپلو میں 9,686 مریضوں کی مختلف اقسام کی سرجری کی گئی،
ریجنل ہیڈکوارٹر ہسپتال سکردو میں 3,07,898 آؤٹ ڈور، 20,575 انڈور مریضوں کا علاج کیا گیا۔ اس کے علاوہ، 15,415 مریضوں کے معمولی آپریشن کیے گئے 2191 مریضوں کی جنرل سرجری، 400 آرتھوپیڈک سرجری، 391 آئی سرجری، 150 ای این ٹی اور 5048 گائنی سرجری کی گئی۔ ڈی ایچ کیو ہسپتال خپلو میں 1,02,830 آؤٹ ڈور اور 3,601 انڈور مریضوں کا علاج کیا گیا۔ معمولی آپریشنز کی تعداد 12,073 رہی 380 جنرل سرجری، 325 آئی سرجری، 18 ای این ٹی سرجری اور 785 گائنی سرجری کی گئی۔
اسی طرح ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفس سکردو کے زیر انتظام مختلف طبی مراکز میں 85,850 آؤٹ ڈور اور 243 انڈور مریضوں کا علاج کیا گیا جبکہ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفس گانچھے کے تحت چلنے والے طبی مراکز نے 99,920 آؤٹ ڈور اور 1,280 انڈور مریضوں کو سہولت فراہم کی، جبکہ 720 مریضوں کے معمولی آپریشن کیے گئے۔
ضلع شگر میں محکمہ صحت نے 97,372 آؤٹ ڈور اور 608 انڈور مریضوں کا علاج کیا۔ضلع کھرمنگ میں 50,846 آؤٹ ڈور اور 1,474 انڈور مریضوں کا علاج کیا گیا۔
محکمہ صحت بلتستان ریجن کے ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد اشرف کریمی نے اس حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ سال 2024 کے دوران محکمہ صحت نے عوام کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی بھرپور کوشش کی انہوں نے کہا کہ یہ کارکردگی ہمارے ڈاکٹرز اور طبی عملے کی انتھک محنت اور حکومت کی صحت کے شعبے میں دلچسپی کا نتیجہ ہے ہم نے ہر ضلع میں وسائل کے مطابق زیادہ سے زیادہ مریضوں کو سہولت فراہم کرنے کی کوشش کی ہے
ڈاکٹر محمد اشرف کریمی نے مزید کہا کہ آنے والے سال میں محکمہ صحت کا مقصد نہ صرف موجودہ سہولیات میں بہتری لانا ہے بلکہ مزید جدید طبی آلات اور تربیت یافتہ عملے کی فراہمی کے ذریعے عوام کو عالمی معیار کی طبی خدمات فراہم کرنا بھی ہے انہوں نے کہا کہ بڑھتی ہوئی آبادی اور مریضوں کی تعداد کے پیش نظر کچھ چیلنجز بھی موجود ہیں۔ ان کے مطابق، ہمارے لیے سب سے بڑا چیلنج محدود وسائل میں زیادہ سے زیادہ لوگوں کو سہولیات دینا ہے۔ لیکن ہم پرعزم ہیں کہ حکومت اور عوام کے تعاون سے ان مسائل پر قابو پا لیں گے
ڈائریکٹر محکمہ صحت بلتستان ریجن ڈاکٹر اشرف نے کہا کہ صوبائی حکومت، خصوصاً سیکرٹری ہیلتھ کی خصوصی دلچسپی اور لگاؤ کی بدولت صحت کے شعبے میں نمایاں بہتری آئی ہے بنیادی مراکز صحت کی بہتری پر توجہ دی، اور طبی عملے کی تعداد بڑھائی۔ سیکرٹری ہیلتھ کی ذاتی دلچسپی کی وجہ سے بلتستان ریجن کے تمام اضلاع میں بنیادی صحت کے مسائل پر قابو پانے کے لیے جدید سہولیات فراہم کی گئیں