نیویارک میں مقیم گلگت بلتستان کے باشندوں کی تنظیم "سوہنی وطن گلگت بلتستان” کے چیئرمین نسیم گلگتی نے سابق وزیر اعلیٰ خالد خورشید کو سنائی گئی سزا کو ناانصافی پر مبنی قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان ایک حساس سیاسی اور آئینی خطہ ہے، اور خالد خورشید یہاں کے معروف سیاستدان ہیں، جنہیں عوام نے بھاری اکثریت سے منتخب کر کے نہ صرف اپنے حلقے کا نمائندہ بنایا بلکہ گلگت بلتستان کے وزیر اعلیٰ کے منصب پر بھی فائز کیا۔ انہوں نے اس سزا پر نظر ثانی کی ضرورت پر زور دیا تاکہ علاقے کے عوام کی احساسِ محرومی مزید نہ بڑھے۔
نسیم گلگتی نے مزید کہا کہ خالد خورشید کی عدالتی معزولی کے بعد ان کے والد نے استور حلقہ 1 سے انتخابات میں کامیابی حاصل کر کے عوامی مینڈیٹ کا مظاہرہ کیا، لیکن انتخابی نتائج تاحال معطل ہیں، جس کی وجہ سے استور حلقہ 1 سیاسی نمائندگی سے محروم ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ اس قسم کی سیاسی مداخلت خطے کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام پاکستان کے مخلص اور وفادار شہری ہیں، جو ملک کی ترقی اور استحکام کے خواہاں ہیں۔ وفاقی اور علاقائی حکام کو چاہیے کہ علاقے کی حساسیت کو مدنظر رکھتے ہوئے سیاسی مہم جوئی سے گریز کریں تاکہ عوام کے جذبات مجروح نہ ہوں اور خطے میں استحکام برقرار رہے۔