کالمز

اصولِ سیرت….سیرتِ النبیؐ پر ایک منفرد کتاب

سیرتِ طیبہ کا مطالعہ ہر مسلمان کے لیے نہ صرف باعثِ سعادت ہے بلکہ یہ زندگی کے تمام گوشوں میں ہدایت، رہنمائی اور روشنی فراہم کرتا ہے۔ خوش نصیب ہیں وہ لوگ جو سیرتِ رسول اکرم ﷺ کے گہرے مطالعے میں مصروف رہتے ہیں اور اس کی تحقیق و تدوین میں حصہ لیتے ہیں۔ ان ہی خوش نصیبوں میں ایک نام پروفیسر ڈاکٹر حافظ عثمان احمد کا ہے، جو ادارہ علوم اسلامیہ، جامعہ پنجاب لاہور میں تدریسی فرائض انجام دے رہے ہیں۔

ڈاکٹر عثمان احمد صاحب کا شمار ان محققین میں ہوتا ہے جو سیرتِ نبوی پر منفرد انداز میں تحقیق کرتے ہیں۔ وہ سیرت کے موضوعی مطالعے کے ماہر ہیں اور اس پر مختلف زاویوں سے تحقیق کرکے علمی و تحقیقی دنیا میں قدر و منزلت کے حامل ہیں۔ ان کی کئی کتب صدارتی ایوارڈ یافتہ ہیں، ان کی کتب میں "دفاعِ سیرت”، "رسول اللہ کی اونٹنی قصواء”، "نعلینِ مصطفیٰ”، "لعابِ مصطفیٰ” اور زیرِ تبصرہ "اصولِ سیرت” (صدارتی ایوارڈ یافتہ) معروف ہیں۔

اصولِ سیرت….. ایک تحقیقی شاہکار

یہ کتاب "اصولِ سیرت” سیرتِ نبوی کے بنیادی اصولوں اور تحقیقی منہج کو نہایت مدلل انداز میں بیان کرتی ہے۔ یہ محض سیرت کے روایتی واقعات کی تفصیل نہیں بلکہ ایک علمی اور تحقیقی کاوش ہے، جس میں سیرت کے مصادر، اصولِ تحقیق، روایات کے تجزیے اور شرعی استدلالات پر گہری گفتگو کی گئی ہے۔ یہ کتاب ادب سیرت میں انفرادیت کی حامل اردو زبان میں اولین تصنیف ہے۔

کتاب کا نام : اصولِ سیرت ( صلی اللہ علیہ وسلم)
مصنف : ڈاکٹر حافظ عثمان احمد
ناشر: بصیرت پبلیکیشنز
سنِ اشاعت: جنوری 2024
کل صفحات: 336

کتاب کو دو بڑے ابواب میں تقسیم کیا گیا ہے۔ دونوں ابواب میں کئی اہم فصول ہیں اور ہر فصل کے ذیل میں درجنوں اہم عنوانات پر مدلل و سلیس تفصیلات مندرج ہیں۔

بابِ اول: اصولِ سیرت

یہ حصہ سیرت کے اصولوں اور تحقیقی منہج پر روشنی ڈالتا ہے۔ اس میں درج ذیل اہم موضوعات و مباحث زیرِ بحث آئے ہیں اور ان کے ذیل میں درجنوں عنوانات مرقوم ہیں۔ اہم مباحث ملاحظہ کیجئے :

اصولِ سیرت اور ان کی انواع

روایاتِ سیرت و حدیث میں تعارض اور اصولِ ترجیح

حلف الفضول اور قبل از نبوت واقعاتِ سیرت سے حکمِ شرعی پر استدلال

واقعاتِ سیرت میں اہلِ کفر سے روایت کی شرعی حیثیت

واقعہ شعبِ ابی طالب کی تاریخی حیثیت

نبی اکرم ﷺ پر سحر کے اثبات میں قرآنی استدلالات کا تجزیاتی مطالعہ

بابِ دوم : تحقیقاتِ سیرت

یہ باب سیرت کے تحقیقی موضوعات کا احاطہ کرتا ہے اور کئی نازک مسائل پر مدلل گفتگو کرتا ہے، اس کے اہم فصول و مباحث درج ذیل ہیں۔

قبرِ نبوی ﷺ پر قبہ کی شرعی حیثیت

حرمِ مدینہ کے شرعی احکام اور مدینہ منورہ میں توسیع کی شرعی حیثیت

مدینہ منورہ کی طرف سفر کی شرعی حیثیت

مدینہ اور اس کی اشیاء کی اہانت کا شرعی حکم

مقاماتِ مقدسہ کے انہدام کی شرعی حیثیت

المشتبہون برسول اللہ: کتبِ سیرت و متونِ حدیث کا مطالعہ

دعوتی مکتوباتِ نبوی: استنباطات و استدلالات

کتاب کی ابتدا میں "مقدمہ طبعِ ثانی” کے عنوان سے ڈاکٹر عثمان احمد صاحب نے ایک دلچسپ مضمون بھی تحریر کیا ہے، جو کتاب کے مباحث اور اصول سیرت النبی کو سمجھنے میں مزید مدد دیتا ہے۔

مطالعۂ سیرت کی اہمیت

یہ کتاب پڑھنے کے بعد احساس ہوتا ہے کہ سیرتِ نبوی ﷺ کا مطالعہ محض ایک دینی فریضہ نہیں، بلکہ یہ ہمیں زندگی کے ہر موڑ پر راہنمائی فراہم کرتا ہے۔ جو لوگ سیرت کی کتابیں پڑھتے ہیں، ان کے لیے زندگی کے کئی عقدے خود بخود حل ہو جاتے ہیں۔ ڈاکٹر عثمان احمد صاحب جیسے اسکالرز کی کتب ہمیں سیرت کے نئے گوشوں سے روشناس کراتی ہیں اور ہمارے لیے تحقیق و جستجو کے نئے دروازے کھولتی ہیں۔

خلاصہ کلام

میں بنیادی طور پر سیرتِ نبوی کا ایک ادنیٰ طالب علم ہوں، اور اس مبارک موضوع پر کتب کا مطالعہ میرا مستقل ذوق ہے۔ وقتاً فوقتاً ڈاکٹر صاحب کی جانب سے ارسال کردہ کتب نے مجھے سیرت کے کئی نئے گوشوں سے روشناس کرایا، جن سے میرا فہم وسعت اختیار کرتا گیا۔ ریڈیو پاکستان بھی گزشتہ کئی برسوں سے مجھے سیرت النبی ﷺ کے مختلف اہم موضوعات پر سیمینارز کے لیے مقالات تحریر کرنے کی ذمہ داری سونپتا رہتا ہے، جبکہ ڈاکٹر عثمان احمد صاحب اپنی گراں قدر تحقیقی تصانیف عطا فرما کر سیرتِ طیبہ کے مختلف پہلوؤں سے آگاہی کا ذریعہ بنتے رہتے ہیں۔ جب جب میں سیرت کی کتب کا مطالعہ کرتا ہوں، میرے لیے حقائق کے دروازے کھلتے چلے جاتے ہیں اور کئی ابہامات و اشکالات خود بخود دور ہو جاتے ہیں۔

ڈاکٹر صاحب کی عنایات پر دل کی گہرائیوں سے شکر گزار ہوں۔ ما قبل کے سطور میں، ڈاکٹر عثمان احمد صاحب کی صدارتی ایوارڈ یافتہ کتاب "اصولِ سیرت” کا ایک مختصر تعارفی تبصرہ پیش کیا ہے، اس امید کے ساتھ کہ ان کے سیرت النبی ﷺ پر کیے گئے علمی کام میں میرا بھی کوئی ادنیٰ سا حصہ شامل ہو جائے۔ کل بروز قیامت، اگر ڈاکٹر صاحب اس سعادت کے لیے رسولِ اکرم ﷺ کی بارگاہ میں حاضر ہوں تو میں بھی اسی صف میں کھڑا ملوں اور عرض کروں:

"یارسول اللہ! آپ کے عاشق، ڈاکٹر عثمان احمد نے آپ کی سیرتِ طیبہ پر تحقیق و تالیف کا حق ادا کیا، اور میں نے ان کی محنت کو پڑھا، سمجھا اور اپنے احباب سے روشناس بھی کرایا، پس میں بھی آپ کی شفاعت کا امیدوار ہوں۔”

اور یقینِ کامل ہے کہ میرے آقا ﷺ میری یہ عرض ہرگز رد نہ کریں گے، بلکہ اپنی بے پایاں رحمت سے نوازیں گے۔

آپ بھی سیرت النبی کو اسی نیت سے پڑھیں، یقین کریں دنیا میں بھی مطمئن ہونگے اور کل بروز قیامت رسول اللہ کی شفاعت بھی ملے گی۔
میں دعا گو ہوں کہ اللہ ہمیں سیرت کے اصل فہم اور اُس پر عمل کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین!

یہ کتاب ہر اُس شخص کو ضرور پڑھنی چاہیے جو سیرتِ نبوی ﷺ کو تحقیق کی روشنی میں سمجھنے کا خواہشمند ہے اور سیرت النبی پر تحقیقی کام کرنا چاہتا ہے۔

آپ کی رائے

comments

متعلقہ

یہ بھی پڑھیں
Close
Back to top button