ارض شمال کے بینکنگ خدمات کا ایک روشن ستارہ

تحریر: محمدیار بیگ تاجک
گلگت بلتستان کی دھرتی نے زندگی کے ہر شعبے میں لال و گوہر پیدا کیے ہیں، جو اس سرزمین کے روشن چہرے ہیں اور اپنے شعبہ ہائے زندگی میں پوری آب و تاب کے ساتھ چمکتے رہے ہیں۔
ایسا ہی ایک درخشاں ستارہ شعبہ بینکنگ میں ایک دہائی تک چمکتا رہا، دمکتا رہا، ارض شمال میں بینکنگ شعبے کو پروان چڑھایا اور اس کی آبیاری کی۔ ایک ہمہ جہت شخصیت، منفرد اور خوبصورت نام "شیر جہان میر” کا ہے۔ میر صاحب قراقرم کواپریٹو بینک کے روح رواں ہیں، معمار ہیں اور سب سے بڑھ کر یہ کہ بینکنگ خدمات اور سہولیات کو گلگت بلتستان کے عام لوگوں کی دہلیز تک پہنچانے والا لازوال کردار ہیں۔
کواپریٹو بینکس کی تاریخ کافی پرانی ہے۔ یہ پاکستان کے چاروں صوبوں کے علاوہ کشمیر اور گلگت بلتستان میں قائم ہوئی تھیں، لیکن آج یہ صوبائی بینک صرف گلگت بلتستان میں ہی قائم ہے، جس کا سہرا اس عظیم شخصیت کے سر جاتا ہے۔

ایک نوجوان، کامرس میں اپنی تعلیم مکمل کر کے گلگت بلتستان واپس آیا اور اس ادارے کی باگ ڈور سنبھالی۔ پوری محنت اور لگن سے اس کی تعمیر و ترقی میں اپنا وقت، علم، مہارت اور قائدانہ صلاحیت بھرپور صرف کیں اور اسے ایک مستند مالیاتی ادارے کے صف میں کھڑا کر دیا۔ اس شخصیت کے لیے پاکستان کے کسی بھی بڑے بینک میں شامل ہونا اور اعلیٰ عہدے تک پہنچنا کوئی بڑی بات نہیں تھی، ان کے پاس بہترین کامرس کا علم، مہارت اور سب سے بڑھ کر پاکستان میں بینکنگ کے مقابلے کے امتحان میں امتیازی پوزیشن کی سند بھی تھی۔
"ہمارا خون بھی شامل ہے تزئین گلستان میں
ہمیں بھی یاد کر لینا چمن میں جب بہار آئے”
آج قراقرم کواپریٹو بینک ایک مضبوط تناور درخت بن چکا ہے، اس کی جڑیں مضبوط ہیں، اس کے اثاثے اربوں میں ہیں، ملازمین کی ایک بڑی تعداد محنت اور جانفشانی سے کام کر رہی ہے، کاروباری افراد اس سے فائدہ اٹھا رہے ہیں، اور یوں معاشی ترقی کا عمل جاری و ساری ہے۔ یہ سب آج ارض شمال کے اس فرزند کی کاوشوں کا ثمر ہیں۔
مجھے اس بات کی خوشی اور فخر ہے کہ میں نے اپنی بینکنگ کیریئر کا آغاز اسی ادارے سے کیا تھا جہاں میری بہترین تربیت ہوئی اور بینکنگ کے رموز سے مضبوط آگاہی حاصل کی، جو میرے فارن بینکنگ کیریئر میں مددگار ثابت ہوئی۔
میر صاحب کی ذات سے اختلاف ہو سکتا ہے، لیکن ان کے علم، حکمت، مہارت، دانائی، قائدانہ صلاحیت، خدمت اور انسان دوستی سے اختلاف ممکن نہیں۔ آپ ارض شمال کا ایک روشن چہرہ، انسانی اثاثہ اور پیار و محبت کا سرمایہ ہیں۔ گلگت بلتستان کو اپنے اس فرزند پر ناز ہے، اور اللہ تعالیٰ سے دعاگو ہیں کہ آپ خوش رہیں، شاد رہیں، آباد رہیں، آپ کو تندرستی اور لمبی عمر نصیب ہو۔
بار دنیا میں رہو غمزدہ یا شاد رہو
ایسا کچھ کر کے رہو کہ بہت یاد رہو