چترالکھیل

شندور فیسٹیول کے بہترین انتظامات کے لیے مشترکہ اجلاس، مضبوط سیکیورٹی اور خوشگوار تعلقات پر زور

گلگت (پ ر) شندور پولو گراؤنڈ میں چترال اور گلگت بلتستان کے عسکری اور انتظامی افسران کا مشترکہ رابطہ اجلاس خوشگوار ماحول میں منعقد ہوا، جس میں شندور فیسٹیول 2025 کے انتظامی اور سیکیورٹی امور پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔ اجلاس میں چترال کی طرف سے کمانڈنٹ چترال سکاؤٹس بلال، ڈپٹی کمشنر غذر جبیب الرحمن، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر گوپس یاسین شیر افضل، ڈپٹی کمشنر چترال، گلگت بلتستان سکاؤٹس کے افسران اور ڈائریکٹر سپورٹس بورڈ شاہ محمد سمیت دیگر عسکری و انتظامی نمائندگان نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران دونوں جانب سے انتظامات میں موجود چیلنجز اور خامیوں کی نشاندہی کی گئی اور ان مسائل کو مشترکہ طور پر خوش اسلوبی سے حل کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ دونوں صوبوں کے افسران نے اس بات پر زور دیا کہ شندور فیسٹیول کو 2025 میں نہایت مؤثر اور اعلیٰ معیار کے ساتھ منعقد کیا جائے تاکہ یہ نہ صرف گلگت بلتستان اور خیبر پختونخوا میں سیاحت کے فروغ کا سبب بنے بلکہ خطے کی روایتی فری اسٹائل پولو کو بھی فروغ دے۔

مزید برآں، اجلاس میں دونوں علاقوں کے عوام کے درمیان بھائی چارے اور خوشگوار تعلقات کو مضبوط بنانے پر خاص زور دیا گیا، تاکہ شندور فیسٹیول دو صوبوں کے ثقافتی اور سماجی روابط کو مزید گہرا کرے۔

یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ فیسٹیول کے دوران سیکیورٹی کے بہترین انتظامات کیے جائیں گے تاکہ شرکاء اور سیاح بلاخوف و خطر شندور کی حسین وادی کے اس روایتی کھیل سے لطف اندوز ہو سکیں۔

شندور فیسٹیول 2025 کی کامیابی نہ صرف علاقائی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گی بلکہ پاکستان میں ثقافتی ہم آہنگی اور سیاحتی سرگرمیوں کے فروغ کا بھی باعث بنے گی۔

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button