تعلیم
گلگت، جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے چیرمین امان الله خان کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد
گلگت(سٹاف رپورٹر) سپیکر قانون سازاسمبلی وزیر بیگ نے کہا ہے کہ جموں و کشمیر لیبریشن فرنٹ کے سرپرست اعلیٰ امان اللہ خان کے نظریات سے اختلاف کیا جاسکتا ہے لیکن ان کی علمی اور سماجی خدمات کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہے اور امان اللہ خان نے 60کی دہائی میں کراچی حصول علم کیلئے جانے والے گلگت بلتستان کے طلباء کی رہنمائی اور مالی معاونت کو گلگت بلتستان کے عوام کبھی بھلا نہیں پائیں گے گلگت بلتستان کے شہریوں کی جانب سے امان اللہ خان کے اعزاز میں مقامی ہوٹل میں منعقد تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امان اللہ خان کی پوری زندگی جہد مسلسل کی جیتی جاگتی تصویر ہے تاہم ’’ جہد مسلسل جلدسوئم‘‘ جو ہم سب کے ہاتھوں میں ہے مگر آزادی گلگت بلتستان کی تاریخ کے حوالے سے سنگ میل ثابت ہوگی انہوں نے کہا کہ 60کے عشرے میں جب میں حصول علم کیلئے کراچی پہنچا تو حبیبہ نائٹ سکول جانے کا اتفاق ہوا اور امان اللہ خان سے یہی پر ملاقات ہوئی اور مجھے اپنے تعلیمی کیریئر کے آغاز کے حوالے سے گائیڈ لائن ملی سپیکر قانون ساز اسمبلی گلگت بلتستان وزیر بیگ نے جموں کشمیر لیبریشن فرنٹ کے سرپرست اعلیٰ امان اللہ خان کی سیاسی و نظریاتی جدوجہد کو بھی زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ ان کے نظریات سے ضرور اختلاف ہوسکتا ہے لیکن اپنے نظریات کیلئے انہوں نے جس دلیری، جرأت اور بے باکی کامظاہرہ کیا ہے وہ ہم سب کیلئے مشعل راہ ہے انہوں نے جنگ آ زادی گلگت بلتستان کے شہیدوں اور غازیوں کو جہد مسلسل جلد سوئم میں زبردست الفاظ میں خراج تحسین و عقیدت پیش کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا قانون ساز اسمبلی گلگت بلتستان کے سابق سپیکر اور سینئر سیاستدان ملک مسکین نے کہا کہ ہم جیسے سیاستدان عہدے، کاروبار یا ٹھیکیداری کے حصول کیلئے سیاست کرتے ہیں جبکہ امان اللہ خان نے اپنی زندگی نظریات پر قربان کرکے ثابت کردیا کہ سیاست کمائی کا ذریعہ نہیں بلکہ حقیقی معنوں میں سیاست نظریات کیلئے آخری دم تک لڑنے کا نام ہے انہوں نے کہا کہ مجھے اس بات پر فخر ہے کہ امان اللہ خان جیسے حریت پسند رہنما کا تعلق گلگت بلتستان سے ہے اپنے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے مختصر خطاب میں امان اللہ خان نے کہاکہ گلگت بلتستان میری دھرتی ماہ ہے اور میں نے وصیت کی ہے کہ مجھے گلگت میں دفنا دیا جائے انہوں نے کہا کہ جہد مسلسل جلد سوئم میں جنگ آزادی گلگت بلتستان کے شہیدوں اور غازیوں کے کردارپر تاریخی حقائق کو سامنے رکھ کر روشنی ڈالی ہے تاہم چند مضامین شائع نہیں ہوسکے جس پر مجھے افسوس ہے تقریب سے جماعت اسلامی کے سابق امیر جماعت اسلامی گلگت بلتستان مشتاق احمد ایڈووکیٹ اور سینئر صحافی ایمان شاہ نے بھی خطاب کیا جبکہ حلقہ ارباب زوق کے سینئر نائب صدر عبدالخالق تاج، حلقہ ارباب زوق کے جنرل سیکریٹری جمشید خان دکھی، غلام عباس شیم اور معروف ادبی شخصیت عبدالحفیظ شاکر نے اپنا کلام پیش کیا تقریب میں گلگت بلتستان کی علمی، ادبی، سیاسی ، سماجی شخصیات نے شرکت کی تقریب میں سرپرست اعلیٰ جموں و کشمیر لیبریشن فرنٹ امان اللہ خان نے جہد مسلسل جلد سوئم اہم شخصیات میں اپنے ہاتھوں سے تقسیم کی۔