چترال

ورلڈ فوڈ پروگرام نے وادی کیلاش سے ریلیف کی تقسیم کا کام شروع کردیا

DSC03945

چترال ( بشیر حسین آزاد) ورلڈ فوڈ پروگرام نے چترال میں سیلاب سے متاثرہ لوگوں کی مدد کیلئے خوراک کی فراہمی کا آغاز کالاش ویلی بمبوریت سے کر لیا ہے ۔ اے کے آر ایس پی نے متاثرہ خاندانوں کی نشاندہی کرتے ہوئے فہرست تیار کی ۔ جبکہ فوکس ہیومنٹرین اسسٹنس کو خوراک کی تقسیم کی ذمہ داری سونپی گئی ہے ۔ فوڈ فار ورک پروگرام کے تحت خوراک کی تقسیم کے موقع پر بمبوریت کے مقام بتریک میں ایک تقریب ہوئی ۔ جس میں ایم این اے چترال شہزادہ افتخارالدین اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر چترال عبدالغفار نے بطور مہما نان خصوصی شرکت کی ۔ دیگر مہمانوں میں ورلڈ فوڈ پروگرام کے کوآرڈنیٹر خیبر پختونخوا عمیر لودھی ،منیجر آئی ڈی،اے کے آر ایس پی فضل مالک ،منیجر اے وی ڈی پی وزیر زادہ ،کنسلٹنٹ شجاعت علی اور مقامی عمائدین موجود تھے منیجر فوکس امیر محمد نے خوراک کی تقسیم کے مقاصد بیان کرتے ہوئے کہا ۔ کہ چترال میں سیلاب کی وجہ سے جو بڑی تباہی ہوئی ہے ۔ اُس میں متا ثرہ لوگوں نے بحالی کے کاموں کیلئے جو محنت کی ۔ یہ خوراک اُس کام کے معاوضے کے طور پر دیا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ ابتدائی طورپر بمبوریت ، رمبور ، ریشن اور موڑ کہو میں 3375خاندانوں میں یہ خوراک تقسیم کی جائے گی ۔ جبکہ صرف بمبوریت میں 934خاندانوں کو یہ خوراک دیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا ۔ کہ ابتدا میں ورلڈ فوڈ پروگرام کے تحت 16ہزار گھرانوں کو فوڈ پیکیج دینے کا فیصلہ کیا گیا تھا ۔ جس پر اب بھی غور کیا جا رہا ہے ۔ اس موقع پر ایم این اے چترال شہزادہ افتخار الدین نے کہا ۔ کہ چترال میں اتنا بڑا ڈیزاسٹر آیا ہے ۔ کہ اس کی بحالی کیلئے اربوں روپے درکار ہیں ۔وزیر اعظم کے دورے کے موقع پر نقصانات کا تخمینہ ایک ارب تھا ۔ لیکن بعد کے سیلاب سے یہ نقصانات چھ ارب تک پہنچ گئے ہیں ۔ انہوں نے کہا ۔کہ امدادی سامان اور خوراک کی اہمیت اپنی جگہ ،لیکن متاثرہ چینلز ، روڈز اور واٹر سپلائی سکیموں کی بحالی انتہائی ضروری ہیں۔ انہوں نے خوراک کی فراہمی پر ورلڈ فوڈ پروگرام کا شکریہ ادا کیا ۔ اور اے کے آر ایس پی و فوکس کے خدمات کی تعریف کی ۔ انہوں نے متاثرین سے کہا کہ آپ اپنی استطاعت کا کام کرنے میں کوتاہی نہ کریں ۔ دیگر بڑے منصوبوں کیلئے ہم کو شش کریں گے ۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر چترال عبدالغفار نے کہا ۔ کہ قوم کو حواس باختہ ہونے کی ضرورت نہیں ۔ زندگی میں انسان پر مشکل حالات ضرور آتے ہیں ۔ لیکن کامیاب لوگ وہ ہیں ۔ جو خندہ پیشانی سے انہیں قبول کرکے اپنے پاؤں خود کھڑے ہونے کی کوشش کرتے ہیں ۔ میری تمام متاثرین سے درخواست ہے ۔ کہ دوسروں کی راہ تکنے کی بجائے اپنے سے کام کا آغاز کریں ۔ حکومت آپ کی مشکلات سے غافل نہیں ہے ۔ تمام نقصانات کا سروے ہو چکا ہے ۔ تاہم بحالی بتدریج ہو جائے گی ۔ ہم سب آپ کے ساتھ ہیں ۔ منیجر فضل مالک نے ورلڈ فوڈ کے کنٹری ڈائریکٹر کی چترال وزٹ اور خوراک کی فراہمی کے حوالے سے اُن کے اقدامات کی تعریف کی ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ ہم سب کو مل کر دوبارہ اپنے علاقوں کو آباد کرنا ہے ۔ اور اس کام میں ہم آپ کے ساتھ ہیں ۔تقریب سے عمیر لودھی کوآرڈنیٹر ڈبلیو ایف پی نے بھی خطاب کیا ۔

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button