متفرق

گندم کی پسائی کا کام گلگت بلتستان کے مقامی ملوں میں ہی کیا جائے، دور دراز کے علاقوں میں گندم کی بروقت فراہمی یقینی بنائی جائے، سپیکرفدا ناشاد کی محکمہ خوراک کو ہدایت

گلگت (پ۔ر) سپیکر گلگت بلتستان قانون ساز اسمبلی فدا محمد ناشاد نے کہا ہے کہ محکمہ خوراک گندم کی پسائی اسلام آباد کے بجائے گلگت بلتستان کے مقامی فلور ملوں میں کرائیں تاکہ مقامی سطح پر روز گار کے مواقع پیدا ہوسکیں۔ دور دراز علاقوں کو گندم کی سپلائی بروقت یقینی بنائی جائیں اور وہاں پر عوام کو گندم کے حصول میں کوئی دشواری پیش نہیں آنی چاہئے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز کابینہ ہال چنار باغ میں محکمہ خوراک کی جانب سے اسمبلی ممبران کو دی جانے والی بریفنگ کے دوران کہا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ خوراک میں گزشتہ کئی سالوں سے عارضی طور پر کام کرنے والے ملازمین کو بھی مستقل کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ وہاں کام کرنے والے عارضی ملازمین گزشتہ بیس سالوں سے کام کررہے ہیں اور تاحال ان کو مستقل نہیں کیا گیا ان ملازمین کو مستقل کرنے کے لئے اگر خصوصی قانون سازی کرنے کی ضرورت پڑے توبھی کر کے ان کی محرومیوں کو دور کرنا ہوگا انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ خوراک انتہائی اہمیت کا حامل ادارہ ہے اور اس کو مزید بہتری کی طرف لے جانے کی ضرورت ہے اس ادارے کو مضبوط بنانے کے لئے حکومت تمام درکار وسائل فراہم کرے گی اور اسے ایک مثالی ادارہ بنایا جائے گا انہوں نے محکمہ خوراک کے ذمہ داروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ گندم کی سپلائی کو تمام علاقوں میں یقینی بناتے ہوئے عوام کو معیاری آٹے کی فراہمی کو بھی یقینی بنائیں انہوں نے کہا کہ آج کے بعد محکمہ خوراک سوائے میونسپل ایریاز کے باقی تمام علاقوں کو آٹے کی بجائے گندم فراہم کرے مقامی لوگ اپنی مرضی سے پسائی کرائیں گے اس طرح ان کو معیاری آٹے کی فراہمی کو یقینی بنایا جاسکتا ہے۔ میونسپل ایریاز میں محکمہ خوراک اور لوکل انتظامیہ ملوں کی سخت نگرانی کرے اگر کوئی بھی مل غیر معیاری آٹاکی پسائی میں ملوث پایا جائے تواس کے خلاف سخت کاروائی کرتے ہوئے اس مل کو بند کروایا جائے ۔ انہوں نے محکمہ خوراک کے ذمہ داروں کو کہا ہے کہ ہم بحیثیت حکومت آپ کے مشکلات کو دور کریں گے اور آپ عوام کے مشکلات دور کرنے کی کوشش کریں اور عوام کوآٹے اور گندم کے حصول میں کوئی مشکل درپیش نہیں آنی چاہئے اس موقع پر محکمہ خوراک کی جانب سے سیکریٹری آصف اللہ نے اسمبلی ممبران کو اپنے محکمے کی کارکردگی اور ان کو درپیش مسائل کے حوالے سے بریفنگ دی ۔ بریفنگ میں صوبائی وزراء اور اسمبلی ممبران نے شرکت کی۔

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button