لواری ٹاپ: برفباری کی وجہ سے پھنسے ہوئے مسافروں کو با حفاظت ریسکیو کر لیا گیا
چترال (بشیر حسین آزاد) جمعرات کے روز برفباری کی وجہ سے لواری ٹاپ میں پھنسے ہوئے مسافروں کو با حفاظت ریسکیو کر لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب پشاور سے چترال آنیوالی کم از کم پانچ گاڑیاں سواریوں سمیت لواری ٹا پ میں مختلف مقامات پر پھنس گئے تھے اور ان گاڑیوں میں سوار مسافرجن میں خواتین، ضعیف العمر افراد اور بچے بھی شدید سردی اور برفباری میں موجود تھے کہ مقامی پولیس کو اطلاع ملنے پر ایس ڈی پی او دروش ظفر احمد کی قیادت میں ریسکیو ٹیم لواری ٹاپ کی طرف روانہ ہو گئی۔
ریسکیو ٹیم میں چترال سکاؤٹس اور لیویز کے جوان بھی موجود تھے۔ چترال سکاؤٹس کے جوان صوبیدار عابد کی قیادت میں اپنے ساتھ اضافی کمبل، گرم کپڑے اپنے ساتھ لیے گئے۔ ریسکیو ٹیم نے آرمی انجینئر کور کے مشینری کے ذریعے راستے کو صاف کرکے گاڑیاں کو نکال لیا۔ فورسز کے جوانوں نے پیدل لواری ٹاپ کے مختلف مقامات میں پھنسے ہوئے مسافروں کو بچالیا ،انہیں کمبل فراہم کئے، اپنے پہنے ہوئے گرم کوٹ وغیرہ مسافروں کو فراہم کردئیے۔ ایس ڈی پی او دروش ظفر احمد نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ چترال سکاؤٹس، پولیس ، لیویز پر مشتمل ٹیم نے آرمی انجینئرنگ کور کے جوانوں کیساتھ ملکر 50سے زیادہ مسافروں کو بحفاظت ریسکیو کر لیا۔انہوں نے کہا کہ شدید موسمی حالات کے باوجود فورسز کے جوانوں نے مسافروں کو بچانے کیلئے لواری ٹاپ میں ریسکیو آپریشن میں حصہ لیا۔