سکردو : مرکزی جامع مسجد میں سیرت النبی ؑ کانفرنس کا انعقاد
سکردو ( رضاقصیر ) مسلمانون کو چن چن کر قتل کیا جارہا ہے اور انہیں نقصان پہنچانے کیلئے استعماری طاقتیں باقاعدہ پیسے استعمال کر رہی ہیں۔ مسلمانوں کو قتل کرنے اور ان کے مابین اختلافات کو ہوادینے کیلئے فنڈز مختص کئے جارہے ہیں۔ اسلام دشمن قوتوں کے سامنے مسلمانوں کے خون کی کوئی قدر وقیمت نہیں ہے۔ مسلمانوں کو اب سوچنا ہوگا اور اسلام دشمن قوتوں کی سازشوں کو ناکام بنانے کیلئے جامع منصوبہ بنانا ہوگا۔ جب تک مسلمان متحد نہیں ہوکر حضور ؐ کی اسوہ حسنہ پر عمل نہیں کریں گے تب تک انہیں دنیا میں درپیش مسائل سے چھٹکارا نہیں مل سکتا۔ ان خیالات کا اظہار مرکزی جامع مسجد سکردو میں منعقدہ سیرت النبی ؑ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کیا۔
مقررین نے حضور اکرم ؐ کی سیرت طیبہ پر روشنی ڈالی اور مسلمانوں کو اتحادویکجہتی کی تلقین کی۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے نامور عالم دین سید باقر الحسینی نے کہا کہ جب تک ہم حضور اکرمؐ کی سیرت طیبہ پر عمل پیرا نہیں ہو ں گے دنیا وآخرت میں سرخرو نہیں ہو سکتے۔ منظم ساز ش کے تحت مسلمانوں میں اختلافات پیدا کئے جارہے ہیں اور انہیں تقسیم کر کے مار ا جارہا ہے اس لئے وقت کا تقاضا ہے کہ ہم اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرکے اسلام کے خلاف ہونے والی سازشیں ناکام بنائیں۔ جب تک ہم متحد نہیں ہوں گے مسائل حل نہیں ہوں گے۔ نائب امام جمعہ والجماعت مرکزی جامع مسجد سکردو علامہ شیخ جواد حافظی نے کہا ہے کہ منظم منصوبہ بندی کے تحت معاشرے میں اسلامی اقدار کو فراموش اور پامال کیا جارہا ہے مسلمانوں کے قتل عام کیلئے بیرونی اور استعماری طاقتیں باقاعدہ منصوبے بنارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انسان کے بنیادی حقوق پامال کئے جارہے ہیں جو عظمتیں اللہ تعالیٰ نے مسلمانوں کو عطاء کی ہیں ان کو ختم کرنے کیلئے کوششیں ہو رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کے خلاف استعمال کرنے کیلئے بارود اور اسلحہ کی خریداری کیلئے فنڈنگ ہو رہی ہے۔ اس لئے مسلمان ہوشیار ہو جائیں ورنہ تاریخ میں ان کا نام ونشان باقی نہیں رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کے فروغ کیلئے پیسے دینے کے بجائے نادیدہ قوتیں مسلمانوں کے خلاف کام کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اکنامک کوریڈور ہمارے لئے خطرے کی گھنٹی ہے، اگر ہم نے تعلیم حاصل نہ کی تو اقتصادی راہداری سے نقصان اٹھائیں گے۔ ہمیں اکنامک کوریڈور کے ممکنہ خطرات سے نمٹنے کیلئے خود کو تیار کرنا ہوگا ورنہ مستقبل بہت خوفناک ہو گا۔ تقریب سے دیگر علمائے کرام نے بھی خطاب کیا۔ شعرانے اپنے تازہ کلام پیش کئے، نعت خوانوں نے نذرانہ عقیدت پیش کیا۔