ثقافت

جشن کا غ لشٹ پانچ دن تک جاری رہنے کے بعد اختتام پذیر 

چترال ( بشیر حسین آزاد) جشن کا غ لشٹ پانچ دن تک جاری رہنے کے بعد احتتام پذیر ہوگئی جس میں پولوسمیت دوسرے مقامی او لو ک کھیلوں کے مقابلے اور ثقافتی شو منعقد ہوئے جن میں ضلع بھر سے ہزاروں تماشائیوں اور ملک کے دیگر حصوں سے آنے والے سیاحوں نے شرکت کی۔ جشن کا احتتام پولو کے سنسنی خیز مقابلے سے ہوا جس میں مستوج سب ڈویژن کی ٹیم نے چترال لیویز کی ٹیم کو چار کے مقابلے میں چھ گولوں سے شکست دی۔ اس سے قبل اٹھارہویں صدی کی متروکہ بندوقوں کے ذریعے نشانہ بازی کے مقابلے، رسہ کشی، جنگلی دوڑ اور ثقافتی شو میں لوک دھن اور گانے پیش کرکے حاضریں کو مسحور کردیا۔چودہ کلومیٹر طویل سطح مرتفع پر پھیلا ہوا کا غ لشٹ میں جنگل میں منگل کے مصداق سینکڑوں کی تعداد میں خیموں پر مشتمل خیمہ بستی اور کھانے پینے کی اشیاء اور مقامی مصنوعات کی اسٹالیں بھی لگائے گئے تھے ۔ پہلی مرتبہ ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام منعقد ہونے والی اس جشن کے مہمان خصوصی ڈپٹی کمشنر چترال اسامہ احمد وڑائچ اور گلگت بلتستان کے سابق آئی۔ جی پولیس سید تحسین انور شاہ تھے جبکہ چترال سے ممبران صوبا ئی اسمبلی سید سردار حسین شاہ اور سلیم خان بھی موجود تھے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈی۔ سی چترال اسامہ احمد وڑائچ نے کہاکہ ملک کے دیگر حصوں میں اگر کوئی زندہ دلی کا اعلیٰ نمونہ دیکھنا چاہے تو اسے چترال آنا چاہئے جہاں لوگ سخت حالات ، مسائل اور غربت کے باوجود کھیلوں اور موسیقی کا دلدادہ ہیں اور جشن کا غ لشٹ میں ضلعے کے ہر گوشے سے بڑی تعداد میں آنے والے تماشائیوں کی تعداد اس کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہاکہ آئندہ سال اسے شایان شان طریقے سے منعقد کرنے کے لئے اس ایونٹ کو ضلعی اور صوبائی اے۔ ڈی ۔پی میں شامل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ مئی کے 9تاریخ سے جشن چترال منعقد کیا جارہا ہے جس میں گلگت بلتستان کی ٹیموں کو بھی مدعو کیا جائے گا۔ اس سے پہلے خطاب میں سید تحسین انور شاہ ، سید سردار حسین شاہ اور سلیم خان نے کہاکہ گزشتہ سال سیلاب اور زلزلے کے بعد علاقے میں زندگی مرجھائے گئی تھی اور اس جشن نے لوگوں میں جوش، ولولہ اورزندگی ڈال دی۔ انہوں نے جشن کے بہتر انتظامات پر اسسٹنٹ کمشنر مستوج حمیدا للہ خٹک ا ور مقامی انتظامی کمیٹی کی کوششوں کو سراہا۔ جشن کے انتظامی کمیٹی کے نمائندے سلطان الملک اور مختار احمد نے بھی اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ایونٹ کے انتظامات پر روشنی ڈالی۔

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button