عوامی مسائل

اقتصادی راہداری منصوبے سے پاکستان کی تقدیر بدل جائے گی، سردار محمد یوسف وفاقی وزیر مذہبی امور کا داسو میں اجتماع سے خطاب

کوہستان (شمس الرحمن کوہستانیؔ ) وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہاہے کہ اکنامک کوریڈور پاکستان کی تقدیر بدل دیگا، اپوزیشن تناول گیس منصوبے پر پروپیگنڈہ کررہی ہے ، منصوبے کا افتتاح تیسری بار نہیں پہلی بار ہواہے ۔ قوم کا درد رکھنے والے ہی عوام میں موجود ہوتے ہیں۔ مصیبت کی اس گھڑی میں ہم کوہستان کے متاثرین سیلاب کے ساتھ ہیں ۔ وفاق سے سیلاب میں جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین کو فی کس پانچ لاکھ روپے امداد دلوانے کی بھرپور کوشش کرونگا۔ عوامی مشکلات کے خاطر پاسپورٹ آفس سمیت ضلع بھر میں بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کا دوبارہ سروے کرانے کی یقین دہانی کرالی گئی ۔

اتوار کے روز ضلعی صدرمقام داسو میں متاثرین اور مقامی عوام سے خطاب کرتے ہوئے وزیر مذہبی امور کا کہنا تھا کہ میاں نوازشریف نے تناول گیس منصوبہ، ہزارہ موٹر وے فیز ٹو کا افتتاح اور ہزارہ یونیورسٹی کو سو کروڑ روپے دیکر ہزارہ دوستی کا ثبوت دیاہے ۔ صوبہ ہزارہ تحریک کو کامیاب کرنے کیلئے جدوجہد جاری رکھیں گے ۔

اس موقع پر ن لیگ کے ضلعی صدر سید گل بادشاہ، مسلم لیگ کے ممبران خیبر پختونخواہ اسمبلی صالح محمد خان، عبدالستار خان ، ضیا الرحمن، سابق امیدوار قومی اسمبلی ملک مصر خان او رضلع ناظم مانسہرہ سردار سید غلام نے بھی خطاب کیا۔مقررین کا کہنا تھا کہ وہ متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑیں گے ۔ این ڈی ایم اے سے متاثرین زلزلہ و سیلاب کی رقوم روکنے پر برہمی کا اظہار کیا گیا او رمقامی قیادت نے مرکزی قائدین سے دل کھول کر گلے شکوے کئے۔

ضلعی صدر نے کہا کہ وزیر اعظم نے گزشتہ زلزلے میں کوہستان کا خشک دورہ کیااور متاثرین کو سو روپے بھی نہیں دئے جبکہ صلاح الدین ترمذی کی ناراں میں چائے پی کر بیس کروڑ دئے، انہوں نے نظر انداز کرنے پر قائدین کو آڑے ہاتھوں لیا اور جلسہ شرکاء کے سامنے اپنا بھر پور احتجاج ریکارڈ کیا۔مقررین نے متاثرین سے تعزیت کی اور کوہستان کے انفرسٹرکچر کی بحالی کے عزم کا اعادہ کیا۔ اس ضمن میں ایم پی اے عبدالستار خان نے کروڑوں کے اعلانات کئے ۔جس کا زیادہ تر محور جالکوٹ اور سوپٹ ویلی رہاجبکہ دیگر علاقوں کو بھی معمولی نمائندگی دی گئی۔

تقریب میں وفاقی وزیر نے کوہستان کی ضلعی انتظامیہ کے اعلیٰ افسران ڈپٹی کمشنر راجہ فضل خالق اور ڈی پی او علی رحمت خان کے تعاون کو سراہا اور جلسے میں نام پکار کر شکریہ اداکیا۔ ن لیگ کے صدر کی جانب سے مہمانوں کے اعزار میں ظہرانہ بھی دیاگیا۔

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button