سیاست

حق ملکیت و حاکمیت سے محروم محبِ وطن پاکستانیوں میں مایوسی جنم لے رہی ہے، امبر حسین ایڈوکیٹ

اسلام آباد(پ ر)اہل گلگت و بلتستان نے 69سال پہلے بے سرو سامانی کے عالم اور محدود ترین وسائل کے باوجود ڈوگرا راج کی حکومت کا خاتمہ کرکے پاکستان سے الحاق کا ناصرف اعلان کیا بلکہ آج یہ خطہ پاکستان کا اہم ترین اور مثالی خطہ ہے جو جغرافیائی لحاظ سے دنیا میں پاکستان کا فخر ہے کہ یہاں سے وسطی ایشیا ، چین اور بھارت کے لیے آسان تجارتی گذرگاہیں ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان پیپلز پارٹی ویمن ونگ کی رہنماء و دی مشن ٹرسٹ کی چیئرپرسن اور متحدہ علماء محاذپاکستان کی خواتین کنوینر امبر حسین ایڈوکیٹ نے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام نے جس طرح سے قربانیاں پیش کیں اور آج دنیا کابلند ترین محاذِ جنگ بھی اپنے سینے پہ سہہ رہا ہے اس کے باوجود یہاں کے عوام69سالوں سے پسماندگی کا شکار ہیں، صوبائی اختیارات کے باوجود ذاتی ملِکی اختیارات سے محروم عوام محبِ وطن پاکستانی ہیں جنہیں چھ دہایؤں سے مسلسل نظر انداز کیا جارہا ہے جس کے پیشِ نظر عوام میں مایوسی اور بد دلی جنم لے رہی ہے ،اس وقت سی پیک کے باعث یہ خطہ اہم ترین بن چکاہے جس پر دشمن کی مسلسل نگاہیں ہیں ۔ اس کے باوجود گلگت بلتستان کے عوام کو اقتصادی راہداری کے ثمرات سے دور رکھنا دشمن کی چالوں کو ہوا دینے کے مترادف ہوگا، انہوں نے کہا کہ صرف پاکستان پیپلز پارٹی نے یہاں کے عوام پر نا صرف خصوصی توجہ دی بلکہ اسے صوبائی اختیارات دینے کا اعزاز بھی اسی پارٹی کو حاصل ہے۔بھٹو خاندان نے ہمیشہ اس خطہ کی ریاستی ملکیت کو تسلیم کرتے ہوئے آزادکشمیر کی طرح حقوق دیے ہیں مگر باقی ماندہ وفاقی حکومتیں اس سے جان بوجھ کر بے خبر رہتی رہیں۔

پاکستان پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت اس وقت وارثِ بھٹو نوجوان بلاول بھٹو زرداری کے ہاتھ میں ہے جن سے ہمیں امید نہیں یقین ہے کہ وہ اپنے خاندان کی روایات کو برقرار رکھتے ہوئے مزید اہم اقدامات کریں گے جس کے لیے نوجوان چیئرمین کی قیادت میں گلگت بلتستان کے عوام یکم نومبر سے صوبہ بھرمیں حقِ ملکیت و حقِ حکمرانی کی تحریک شروع کررہے ہیں۔ اسی سلسلے کی پہلی کڑی یکم نومبر کو دینور چوک میں جلسہ عام ہے جس میں عوام بھرپور شرکت کرکے اپنے واجب حقوق کے لیے آواز بلند کریں گے ۔یہ آوازانشاء اللہ گلگت بلتستان کی آواز بن کر انہیں حقوق دلانے کی ضامن ہوگی۔ یہاں کے عوام کو جس طرح پاکستان پیپلز پارٹی اور بھٹو خاندان سے والہانہ عقیدت و محبت ہے اس کا اظہار جلسہ عام اور اپنے حقوق کی تحریک میں نظر آئے گا ۔دریں اثناء امبر حسین ایڈوکیٹ نے پیپلز پارٹی کے مقامی صدر امجد حسین ایڈووکیٹ،سابق صدر گلگت بلتستان مہدی شاہ سمیت پارٹی کے سینئر رہنماوں اور متحرک پارٹی ورکرز کی کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ انہوں نے دل جمعی، محنت اور جانفشانی سے جس طرح عوامی اور پارٹی کی خدمت کی ہیں وہ زریں الفاظ میں لکھی جائیں گی ۔عوامی رابطہ مہم ، پارٹی پیغام اوراپنے حقوق کے تحفظ کی آوازوں کے لیے یہی قائدین و کارکنان فکر و شعور پھیلانے میں دن رات مصروف عمل ہیں۔یہ انہی جیالوں کی محنت کا ثمرہ ہے کہ آج کسی نہ کسی طرح گلگت بلتستان کے عوام پانچویں صوبے کے باسی کہلارہے ہیں۔اب ان کی محنت اور جدوجہد سے اس تحریک کے ذریعے یہاں کے عوام جلد مکمل صوبائی یا ریاستی اختیارات کے مالک بن جائیں گے۔

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button