گلگت بلتستان

چین سے کنٹینرز کے پہلے کھیپ کی آمد پر سوست میں تقریب منعقد

ہنزہ (اجلال حسین ) اقتصادی راہداری منصوبے کو کامیاب بنانے کے لئے پاک فوج ، وفاقی حکومت اور انٹیلی جنٹس اداروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جن کی کاوشوں کی بدولت پاک چین کے درمیان اہم تاریخی منصوبہ کامیاب ہو گیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار و زیراعلی گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے اقتصادی راہداری منصوبے کے تحت کنٹینرز کے پہلے قافلہ کی آمد پر منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوے کیا۔

وزیراعلی گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے مزید کہاکہ اس منصوبے پر تین سال پہلے کاغذی کاروائی ہوئی تھی، الحمد اللہ اس پراجیکٹ کا اٖفتتاح کرکے ہمیں خوشی ہورہی ہے۔ یہ کوئی عام منصوبہ نہیں ہے۔ اس سے صرف گلگت بلتستان ہی نہیں، بلکہ پاکستان بھر میں معاشی انقلاب آئے گا ۔

انہوں نے قافلے کی آمد کے انتظامات پر ایف ڈبلیو او ،اور سپیشل فورس کا شکریہ ادا کرتے ہوے کہا کہ چائنا کیساتھ ہمارے تعلقات بہت پرانے ہیں۔ ہماری دوستی شہد سے میٹھی اور ہمالیہ سے بلند ہے۔ اقتصادی راہداری منصوبے سے دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور دوستی مزید مضبوط ہوگی ۔ سی پیک پروجیکٹ ہماری معشیت کے لئے ریڈھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔

وزیراعلی نے مزید کہا کہ سکردو روڈ کا جلد افتتاح ہوگا جس سے بے روزگاری کا خاتمہ ہوگا۔ گلگت بلتستان کے ماحول کو بھی محفوظ بنایاجائے گا ۔سی پیک کے حوالے سے عوام متحد ہیں، اور اس کے خلاف ہونے والی سازشوں کو ناکام بنایا جائے گا ۔ہمارے لئے سی پیک پروجیکٹ زندگی اور موت کا مسئلہ ہے اس کو ناکام بنانے کے لئے نہ صر ف ملکی بلکہ غیر ملکی سطح پر بھی ہمارے دشمن کوششیں کر رہے ہیں۔ ہم ان کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے مخالفیں افواہیں پھیلا رہے ہیں کہ سی پیک سے گلگت بلتستان کو گاڑیوں کے دھویں کے علاوہ کچھ بھی نہیں ملے گا۔ ایسا ہر گز نہیں ہے۔ گزشتہ ایک سال کے اندر گلگت بلتستان میں ایک ارب سے زائد مالیت کے منصوبوں پر عملدرآمد ہورہاہے۔ پاک چائینہ آپٹیکل فائبر منصوبے پر کام تیزی سے جاری ہے جس سے انفار میشن ٹیکنالوجی میں جدید دور آئے گی اور خطے میں ترقی کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔ سی پیک سے گلگت بلتستان میں ترقیاتی کاموں میں تیزی آئی ہے پاک چین تجارت سے منسلک افراد سے گزارش کرونگا کہ پاک چین تجارت پر پوری توجہ مرکوز کریں ۔اس پروجیکٹ کے آنے سے تجارت میں بے تحاشہ اضافہ ہوگا ۔

انہوں نے مزید کہا کہ سوست پورٹ میں بجلی اور پینے کے صاف پانی کے علاوہ سوست گاوں کے دیگر لنکس روڈ پر بھی کام کا جلد سے جلد آغاز کر لیا جائے گا جس سے نہ صرف تاجر بلکہ علاقے کے عوام بھی مستفید ہونگے۔

تقریب میں سول و عسکری قیادت، بشمول فورس کمانڈر گلگت بلتستان لیفٹینٹ جنرل ثاقب محمود ملک ، چیف سکریٹری گلگت بلتستان سید طاہر حسین ،آئی جی گلگت بلتستان ظفراقبال اعوان کے علاوہ گلگت بلتستان قانون ساز اسمبلی کے اراکین نے شرکت کی ۔

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button