چترال

بروغل کے لوگ ساڑھے تین فٹ برف میں پھنس کر انتہائی مشکل حالات سے دوچار

چترال ( محکم الدین ) ویلج ناظم بروغل امین جان تاجک اور کونسلریارخون لشٹ نادر خان نے وفاقی و صوبائی حکومت ، چیرمین این ڈی ایم اے اور پی ڈی ڈی ایم اے سے اپیل کی ہے ۔ کہ بروغل کے لوگ ساڑھے تین فٹ برف میں پھنس کر انتہائی مشکل حالات سے دوچار ہیں ۔ اس لئے فوری طور پر اُنہیں بچانے کیلئے خوراک اور ڈسپنسریوں میں ادویات پہنچائی جائیں ۔بروغل سے چار دن پیدل چل کر چترال پہنچنے کے بعد انہوں نے میڈیا کو بتایا ۔ کہ علاقے میں شدید برفباری کی وجہ سے زندگی مفلوج ہو چکی ہے ۔ لوگ موت و حیات کے کشمکش میں ہیں ۔ سردی کی وجہ سے مختلف بیماریوں نے علاقے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے ، جبکہ دو ڈسپنریوں میں ادویات نام کی کوئی چیز موجود نہیں ۔ علاج نہ ہونے کے باعث دو ہفتوں کے دوران تین افراد جان بحق ہو چکے ہیں ۔ اور علاج و ادویات دستیاب نہ ہونے کی صورت میں مزید ہلاکتوں کا خدشہ ہے ۔ لوگوں کے پاس کھانے کو کچھ نہیں ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ بروغل کو جانے والے راستے میں دوبارگر ، رواک ، شوشت اور ویدین کھوت کے مقامات پر برف کے بڑے بڑے تودے گرے ہیں ۔ اور بروغل کے لوگوں کو روڈ بند ہونے کی وجہ سے 80کلومیٹر برف پر پیدل چلنا پڑتا ہے ۔ اس لئے خوراک کی ترسیل ناممکن ہو چکی ہے ۔ علاقے میں خوراک کی شدید قلت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بروغل کی 240گھرانوں پر مشتمل آبادی انتہائی مشکل حالات سے دوچار ہیں ۔ اور حکومت کی طرف سے ہنگامی بنیادوں پر بذریعہ ہیلی کاپٹر امداد کے منتظر ہیں ۔

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

ایک کمنٹ

Back to top button