متفرق

عالمی یوم خواتین کے موقع پر ڈسٹرکٹ اسمبلی چترال کی خواتین اراکین کے ساتھ ہتک آمیز سلوک قابل مذمت ہے۔ عبدالطیف ممبر ضلع کونسل چترال

پشاور ( نمائندہ خصوصی)عالمی یوم خواتین کے موقع پر ڈسٹرکٹ اسمبلی چترال کی خواتین اراکین کے ساتھ ہتک آمیز سلوک قابل مذمت ہے ۔ امتیازی سلوک کے خلاف ہرفورم پر آواز اٹھایا جائیگا ۔ ان خیالات کا اظہار تحریک انصاف چترال کے صدر اور ممبر ضلع کونسل چترال عبدالطیف نے عالمی یوم نسواں کے موقع پر اخباری بیان میں کیا ۔انہوں نے کہاکہ خواتین کو حقوق پاکستان کا آئین اور قانون دیتا ہے نہ کہ یہ کسی فرد کی طرف سے خیرات میں انہیں دیا جارہا ہے خواتین کو با اختیار اور فیصلہ سازی میں حصہ دار بنانے کے لئے قومی صوبائی اسمبلیوں کے علاوہ خیبر پختونخوا حکومت نے بلدیاتی نظام میں بھی خواتین کو بھر پور نمائندگی دی ہے لیکن بعض حلقے اپنی متعصبانہ سوچ کی وجہ سے خواتین کو ان کا جائز حق دینے کی راہ میں رکاوٹ بنے ہو ئے ہیں جو کسی طور پر قابل قبول نہیں ۔

انہوں نے کہاکہ گزشتہ دو سالوں سے ڈسٹرکٹ اسمبلی چترال کی خواتین اراکین کے ساتھ امتیازی سلوک رواں رکھا جا رہا ہے لیکن عالمی یوم خواتین کے موقع پر ان سے روا رکھے جانے والے سلوک پر صرف افسوس ہی کیا جا سکتا ہے انہوں نے کہا کہ خواتین اراکین ڈسٹرکٹ کونسل اپنے حقوق کے لئے پارٹی سے بالا تر ہو کر متحد ہو چکی ہیں جو ان کے حقوق کے حصول کی ضمانت ہے انہوں نے یقین دلایا کہ وہ ہر فورم پر خواتین ممبران ضلع کونسل کی حمایت جاری رکھیں گے اور وہ ذاتی طور پر خواتین کمیشن سے رابطہ کر کے اس سلسلے میں قانونی اور آئینی راستے سے ان کے حقوق کے تحفظ کی کو شش کرینگے ۔انہوں نے کہاکہ ڈسٹرکٹ اسمبلی میں منتخب اور نامزد اراکین موجود ہیں لیکن ستم ظریفی کی بات یہ ہے کہ مرد نامزد اراکین کونسل کو خواتین کے مقابلے میں فوقیت دی جا رہی ہے اور انہیں صرف عورت ہونے کی سزاء دی جا رہی ہے وگرنہ اگر معیار منتخب اور نامزد کا رکھا جائے تو مرد اراکین کونسل کو بھی خواتین سے زیادہ اہمیت نہیں دی جانی چاہیے ۔

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button