عوامی مسائل

نگر: حکومتی ادارے پھکر یونین کو نسل کوتعلیم و صحت کے شعبوں میں مکمل طور پر نظر اندازکر رہے ہیں۔ سید آباد ویلفئیرآرگنائزیشن

نگر( ریاض علی) وزیر اعلیٰ ، چیف سیکریڑی اور فورس کمانڈر یونین کونسل پھکر، میاچھر اور ڈاڈیمل کے تعلیمی پسماندگی اور صحت کے مسائل کو دور کرنے کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔ حکومتی اداروں کی طرف سے اس پسماندہ یونین کو نسل کوتعلیم و صحت کے شعبوں میں مکمل طور پر نظر انداز کیا جاتا رہا ہے۔ سیاسی اثر رسوخ کی بنا ء پر دیگر علاقوں کے کئی مڈل سکولز کو اپ گریڈ کیا گیا لیکن پھکر ،میاچھر اور ڈاڈیمل نگر کے بوائز و گرلز اسکولز کو مکمل طور پر نظر انداز کر کے تا حال اپ گریڈ نہیں کیا گیا ہے۔ اور جو اپ گریڈ کیا ہے ان کے پی سی فور کو کئی سالوں سے دبایا ہوا ہے ۔ان خیالات کا اظہار سید آباد ویلفئیر اینڈ ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن پھکر نگر کے صدر محمد امان، نائب صدر احسان علی اور جنرل سکریڑی محمد عباس نے ایک ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے یونین کونسل پھکر کو نظر انداز کرنے پرسخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان، فورس کمانڈر اور چیف سکریڑی گلگت بلتستان سے اپیل کی ہے کہ وہ متعلقہ اداروں سے فوری طور پر رپورٹ طلب کرکے ان کی سرزنش کی جائے۔ بوائزہائی سکول پھکر نگر اپ گریڈ ہوکر 8سال سے زائد کا عرصہ گزر گیا لیکن محکمہ تعلیم کے زمہ داروں نے پی سی فور کی فائل کو ہی غائب کردیا ہے اور تاحال پی سی فور منظور نہیں کیا گیا جس سے متعلقہ یونین کونسل کے ہزاروں طلبہ کا مستقبل داو پر لگ گیا ہے۔ بوائز ہائی سکول پھکر کے ساتھ اپ گریڈ ہونے والے دیگر سکولوں کے پی سی فورکب کا منظور ہو کر اساتذہ بھی تعینات کردئیے گئے ہیں۔ جبکہ پھکر نگر کو مسلسل نظر انداز کرتے آئے ہیں۔ یونین کونسل میں ہائی سکول کا نہ ہونا حکومت کے لئے لمحہ فکریہ ہے۔ یونین کونسل پھکر، میاچھر اور ڈاڈیمل کو ڈی ڈی او شپ کے حوالے سے بھی مکمل طور پر نظر انداز کی ہوئی ہے اس یونین کونسل کے سکولوں کو کبھی اسقرداس تو کبھی ناصر آباد ہنزہ تو کبھی غلمت نگر کے ڈی ڈی اوز کے ساتھ منسلک کیا جاتا ہے جو کہ متعلقہ یونین کونسل کے عوام کے ساتھ کھلا مذاق ہے۔ لہذا فوری طور پراس یونین کونسل کو ڈی ڈی او شپ دی جائے تاکہ سکولوں کی حالت زار بہتر ہوجائے۔اس کے علاوہ متعلقہ یونین کونسل میں صرف دو سی کلاس ڈسپنسریاں موجود ہے جس میں ادویات سال بھر ناپید ہی رہتی ہیں۔ اس یونین کونسل کی آبادی ہزاروں نفوس پر مشتمل ہے لیکن حکومتی عدم توجہی اور بے حسی کے باعث ایک میڈیکل آفیسر تک کا بھی تعیناتی عمل میں نہیی لائی گئی ہے جب کہ پھکر میں میڈیکل آفیسر کے لئے بلڈنگ بھی بنائی گئی جو کہ کئی سالوں سے التواء کا شکار ہے اور محکمہ صحت کے حکام ٹس سے مس نہیں ہوتے اور نہ ہی کوئی ایکشن لیتے ہیں۔

سید آباد ویلفئیر اینڈ ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن پھر نگر کے زمہ داروں نے وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان، فورس کمانڈر اور چیف سکریڑی گلگت بلتستان سے اپیل کی ہے کہ وہ فوری طور پر نوٹس لے کر مذکورہ مسائل کو حل کرنے کے لئے متعلقہ اداروں کو احکامات صادر کریں۔

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button