سیاست
وزیر اعظم کی نااہلی کے بعد دیامر، گلگت اور غذر کے مختلف علاقوں میں جشن کا سماں
گلگت/چلاس(نامہ نگار، مجیب الرحمان) گلگت پانامہ کیس کا فیصلہ آنے کے بعد پاکستان تحریک انصاف گلگت بلتستان نے ریلی نکالی۔ ریلی جوٹیال لاری اڈہ سے برآمد ہوئی جو شاہراہ قائداعظم سے ہوتی ہوئی ہیلی کا پٹر چوک پر پہنچی۔ وہاں سے ریلی نے واپس پبلک چوک پر پہنچ کر ایک جلسے کی شکل اختیار کی۔
جلسے سے خطاب کرتے ہوئے جنرل سیکرٹری پاکستان تحریک انصاف گلگت بلتستان فتح اللہ خان نے کہا کہ قوم آج یوم نجات منا رہے ہیں۔ پاکستان کی تاریخ میں یہ دن بہت اہم ہے اس دن ایک آمریت اور کرپٹ شخص کی اقتدار کا سورج غروب ہو ا۔ اگر ان کو شرم وحیا تھی تو اپنے عہدے سے استفیٰ دیتے۔ آج کا دن قوم کے لئے مبارک ہو۔
پانامہ کیس، سپریم کورٹ کے تاریخی فیصلے میں وزیر اعظم کی نا اہلی پر حکومت مخالف جماعتوں پاکستان تحریک انصاف اور پیپلز پارٹی کی جانب سے شہر بھر میں جشن ریلیاں اور مٹھائی تقسیم کی گئی۔
صدیق اکبر چوک میں پیپلز پارٹی کے راہنماؤں محمد افضل ،سید امان،نور محمد قریشی،قاسم شاہ،حفیظ اللہ ایڈوکیٹ و دیگر پر مشتمل راہنماؤں نے مٹھائی تقسیم کی۔اس موقع پر انہوں نے سپریم کورٹ کے تاریخی فیصلے کو سراہا ۔اور کرپشن کے خاتمے کے لئے سپریم کورٹ کے اقدامات کو خراج تحسین پیش کیا۔بعد ازاں ڈویژنل جنرل سیکرٹری پی پی پی محمد ولی ایڈوکیٹ کی قیادت میں راہنماؤں نے مٹھائی تقسیم کی اور پارٹی راہنماؤں کے حق میں زبردست نعرے بازی بھی کی۔حکومت مخالف جماعت تحریک انصاف کے راہنماؤں اور کارکنان نے صوبائی راہنماء شاہ ناصر کی قیادت میں زبردست ریلی نکالی۔جبکہ صدیق اکبر چوک میں جشن منایا اور مٹھائی تقسیم کی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے شاہ ناصر اور عتیق اللہ ایڈوکیٹ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملکی خزانوں کو لوٹنے والوں کا احتساب شروع ہو چکا ہے۔پارٹی قیادت ہر اس چور کا پیچھا کرے گی جنہوں نے قوم کا سرمایہ بے دردی سے لوٹا ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کی قیادت میں نئے پاکستان کا آغا ز ہو چکا ہے۔اور شفاف کرپشن فری پاکستان کا خواب پورا ہو گا۔اور آئندہ کے لئے کرپٹ عناصر کے گرد گھیرا تنگ ہوگا۔سپریم کورٹ کا تاریخی فیصلہ آنے پر پوری قوم خوش ہے اور اللہ کے حضور سجدہ شکر ادا کر رہی ہے۔
گلگت بلتستان قانون ساز اسمبلی میں پاکستان تحریک انصاف کے واحد رکن ضلع غذر سے تعلق رکھنے والے راجہ جہانزیب نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بُک پر ایک پوسٹ کے ذریعے بتایا ہے کہ انہوں نے اپنے سپورٹرز کے ساتھ مٹھائیاں بانٹ کر وزیر اعظم کی معطلی کا جشن منایا۔