اہم ترینچترال

بینظیر انکم سپورٹ پروگرام میں مزید پچیس ہزار خاندانوں کو شامل کیا جائے گا، ایم این اے شہزادہ افتخار الدین

چترال(بشیر حسین آزاد) رکن قومی اسمبلی شہزادہ افتخار الدین نے کہا ہے کہ اگلے مہینے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے نئے سروے میں مزید 25ہزار گھرانوں کو اس پروگرام میں شامل کیا جائیگا۔ اس سلسلے میں رکن قومی اسمبلی شہزادہ افتخار الدین کا بی آئی ایس پی کے چیئرپرسن محترمہ ماروی میمن سے تفصیلی گفت وشنید ہوچکی ہے، محترمہ ماروی میمن خود بھی 2015 اور 2016میں دو مرتبہ چترال کا دورہ کر چکی ہیں۔سروے کے بعد 10ہزار غریب گھرانوں کو بے نظیر انکم سپورٹ کارڈ جاری کئے جائینگے جبکہ 25ہزار گھرانوں کو پرائم منسٹر ہیلتھ کارڈ جاری کئے جائینگے جبکہ فی الحال ساڑھے پانچ ہزار خاندانوں کو وزیر اعظم صحت کارڈ کی تقسیم کا سلسلہ جاری ہے۔ نئے سروے کی تکمیل کے بعد بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تمام پرانے کارڈ اس سال دسمبر تک منسوخ کئے جائینگے اور اگلے سال کے اوائل میں نئے کارڈ جاری ہونگے۔ واضح رہے کہ بی آئی ایس پی کے پچھلے سروے اور اس کے نتیجے میں جاری ہونے والے کارڈ ز کے حوالے سے بڑے پیمانے پر عوامی ردعمل ظاہر کیا جارہا تھا اور اسکی شفافیت پر شدیداعتراضات اٹھائے جاتے رہے کہ مالدار اور صاحب ثروت لوگوں نےغیر قانونی طور پر انکم سپورٹ کارڈ حاصل کر لئے ہیں جبکہ بعض جگہوں پر سرکاری ملازمین بھی کارڈ کے حصول میں ملوث ہیں۔ بی آئی ایس پی کے چیئرپرسن ماروی میمن نے رکن قومی اسمبلی شہزادہ افتخار الدین کو یقین دلایا ہے کہ نیا سروے شفاف ہوگا اور اس کے نتیجے میں غریب اور مستحق افراد ہی اس پروگرام سے استفادہ حاصل کر سکیں گے۔ شہزادہ افتخار الدین نے اس سلسلے میں گہری دلچسپی لینے پر ماروی میمن کا شکریہ ادا کرتے ہوئے یقین ظاہر کیا ہے کہ اس عمل سے معاشرے کے غریب طبقہ کو فائدہ پہنچے گا۔

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button