اسلام آباد(پ ر) وزیر اعلی گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن سے نیشنل اسماعیلی کونسل آف پاکستان کے صدر حافظ شیر علی کی ملاقات، ملاقات میں ہز ہائنس پرنس کریم آغا خان کے دورہ گلگت بلتستان کے حوالے سے تبادلہ خیال ہوا۔
وزیر اعلی گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے اس موقع پر کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام پرنس کریم آغا خان کی گلگت بلتستان آمد پر شاندار طریقے سے خوش آمدید کہیں گے۔ وزیر اعلی نے کہا کہ پرنس کریم آغا خان کی آمد پر حکومت نے سکیورٹی و دیگر انتظامات کے حوالے سے اقدامات کر رکھے ہیں۔ اس حوالے سے تمام ادارے اپنی ذمہ داریاں پورای کریں گے۔
وزیر اعلی نے مزید کہا کہ ہز ہائنس پرنس کریم آغا خان کی امت مسلمہ ، پاکستان اورگلگت بلتستان کیلئے خدمات قابل قدر ہیں اور ہم ان خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ ہزہائنس کے دورہ گلگت بلتستان کے موقع پر گلگت بلتستان کے عوام بین المسالک ہم آہنگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نہ صرف پرنس کریم کو خوش آمدید کہیں گے بلکہ دیدار کے لئے دور دراز سے آنے والے مہمانوں کی مہمان داری کر کے بھی مثال قائم کریں گے۔
اسماعیلی نیشنل کونسل آف پاکستان کے صدر حافظ شیر علی نے وزیر اعلی گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن کا ہز ہائنس کے دورہ گلگت بلتستان کیلئے بہترین انتظامات کرنے پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ حکومت گلگت بلتستان نے جس طرح ہز ہائنس کے دورہ سے قبل بہترین انتظامات کئے ہیں اس سے ہمیں اطمنیان ہے اور امید ہے کہ ہز ہائنس کا دورہ گلگت بلتستان علاقے کیلئے خوش گوار ثابت ہوگا۔
پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔