کھیل

کوہستان میں سالانہ سپورٹس گالا اپنے اختتام کو پہنچ گیا، کھیلوں کے مقابلوں میں ہائی سکول داسو پہلے جبکہ ہائی سکول سیو دوسرے نمبر پہ آگئے

کوہستان(نامہ نگار) کوہستان میں سالانہ سپورٹس گالا اپنے اختتام کو پہنچ گیا، کھیلوں کے مقابلوں میں ہائی سکول داسو پہلے جبکہ ہائی سکول سیو دوسرے نمبر پہ آگئے ۔ بدھ کے روز ایف سی گراونڈکمیلہ میں الف اعلان کے زیر اہتمام اختتامی تقریب کا اہتمام کیا گیا،جس میں ڈپٹی کمشنر کوہستان شاہجہان خان مہمان خصوصی تھے ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈی سی کوہستان نے کہا کہ کھیلوں کے انعقاد سے طلباء کی ذہنی نشونما بہتر ہونے کے ساتھ ساتھ علاقے میں امن و بھائی چارگی کو بھی فروغ ملے گا۔اس دوران انہوں نے ونر ،رنراپ ٹیموں اور منتظمین کونقد انعامات دینے کے ساتھ ساتھ آج (جمعرات) کو سکولوں کی عام چھٹی کا بھی اعلان کیا۔ اس دوران خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افسر راج محمد خان نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں ہم آہنگی پیداکرنے اوربچوں کی غیر نصابی سرگرمیوں کیلئے کھیلوں کا نعقاد ضروری ہے۔ انہوں نے اپنے خطاب میں جیتنے والی ٹیموں کو مبارکباد دیتے ہوئے مستقبل میں بھی ایسے پروگرام منعقد کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ تقریب سے الف اعلان کی ریجنل کوآرڈنیٹر حفیظ الرحمن نے خطاب کرتے ہوئے تعلیمی اہمیت پر زور دیا ۔سپورٹس ضلع کوہستان کے جنرل سکرٹری محمد مرتضیٰ نے مہمانوں اور شرکاء کی شرکت کا شکریہ ادا کیا۔تقریب کے دوران ایف سی گراونڈ کمیلہ کوہستان میں سینکڑوں کی تعداد میں لوگ شریک ہوئے جن میں زیادہ تعداد طلباء کی تھی۔

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button