چترال(بشیر حسین آزاد)ضلعی انتظامیہ چترال نے کہا ہے کہ چترال کو گیس کی فراہمی کے پراجیکٹ کو نہایت اہمیت کا حامل سمجھتی ہے اور گیس پلانٹس کی تنصیب کے حوالے سے زمینات کے حصول کے ضمن میں اپنے حصہ کا کام مکمل کر چکی ہے۔ ایک پریس ریلیز میں ضلعی انتظامیہ کی طرف سے کہا گیا ہے کہ چترال کے ایک مقامی آن لائن اخبار میں ایم این اے سے منسوب بیان مبنی بر حق نہیں کیونکہ ضلعی انتظامیہ نے کم از کم تین مقامات پر نہ صرف اراضی کی نشاندہی کی ہے بلکہ اس ضمن میں سیکشن فور کا نفاذ کرکے دسمبر کے مہینے میں سوئی سدرن گیس کے محکمے کو مطلع کر چکا ہے ۔ گیس پلانٹس کی تنصیب کے لئے سنگور چترال، بروز اور کلکٹک دروش میں اراضی کی نشاندہی کیساتھ ہی سیکشن فور نافذکیا جاچکا ہے جو کہ کسی بھی وقت متعلقہ کمپنی اپنی تحویل میں لے سکتی ہے اور ان تینوں علاقوں سے فراہم ہونے والی قدرتی گیس سے شالی چترال سے لیکر عشریت تک آبادی کو گیس کی فراہمی ممکن ہو گی۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ چترال کی معاشی ترقی کیلئے ضلعی انتظامیہ گیس پلانٹس کی تنصیب کو نہایت اہم سمجھتی ہے اور متعلقہ ادارے کے ساتھ ہر ممکن تعاون اور مذکورہ اراضی کی فراہمی کے لئے تیار ہے۔