محکمہ واسا چلاس نے درجنوں غیر قانونی کنیکشنز کاٹ دیے
چلاس(بیوروچیف)محکمہ واسا کا غیر قانونی کنکشنوں کے خلاف کریک ڈاؤن،درجنوں کنکشنز کاٹ دئیے گئے۔واسا سپروائزر سید جاوید اقبال کی قیادت میں واسا اہلکاروں نے محلہ فاروق آباد،شلکٹ ایریا میں مین سپلائی لائن کو کاٹ کر غیر قانونی پائپ کنکشنز کے خلاف کاروائی کی۔اور پہلے ہی روز درجنوں غیر قانونی کنکشنز منقطع کر دئیے۔سپر وائزر محکمہ واسا سید جاوید اقبال نے میڈیا کو بتایا کہ غیر قانونی کنکشنز کے ذریعے شہر کو پانی سپلائی میں مسائل پیدا کئے گئے تھے۔جس پر محکمہ واسا نے غیر قانونی کنکشنز کے ذریعے پانی چوری کرنے والوں کے خلاف بھر پور کاروائی کا آغاز کیا ہے۔دوسرے مرحلے میں شہر کی مین پائپ لائنوں سے غیر قانونی تمام کنکشنز کا خاتمہ کیا جائے گا۔تاکہ تمام شہریوں کو برابری کی بنیاد پر پانی فراہم کیا جا سکے۔اس کاروائی میں محکمہ واسا کے اہلکاروں کے ساتھ لیویز فورس اور پولیس کا تعاون بھی حاصل ہے۔