گلاب پور شگر میں سیلابی ریلے نے تباہی مچادی، حفاظتی بند ٹوٹ گیا، 8 گھر مکمل طور پر تباہ
شگر(نامہ نگار)شگر کے علاقے گلاب پور میں شدید بارشوں کے بعد سیلابی ریلے نے تباہی مچادی۔سیلاب کی شدت اس قدر زیادہ تھی کہ گاؤں کی حفاظت کیلئے بنائے گئے حفاظتی پشتے ٹوٹ گئے اورریلے نے راستہ بدل کر آبادی کے درمیان سے بہنا شروع کردیا، جس کی زد میں آکرآٹھ گھر مکمل طور پر تباہ ہوگئے، جبکہ درجنوں کو جزوہ نقصان پہنچا۔ سینکڑوں کنال قابل کاشت اراضی اور کھڑی فصلیں بھی تباہ ہو گئی ہیں، جبکہ متعدد افراد بے گھرہوگئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق شگر کے علاقہ گلاب پور میں سیلاب نے تباہی مچا دی ۔سیلاب کی وجہ سے وجہ سے دو گاوں شوپا ور غوروکھور زیر آب آگئے۔ لوگوں نے بھاگ کر جان بچائی،علاقے میں قیامت صغریٰ کا منظر۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ڈپٹی کمشنر شگر نے علاقے میں ایمرجنسی نافذ کردی۔اور متعلقہ اداروں کو فوری امدادی کاروائی تیز کرنے کی ہدایت جاری کردی۔اور مقامی پولیس نے جائے حادثے پر پہنچ کر لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کردیا گیا۔آخری اطلاعات کے مطابق بارش کا سلسلہ رک جانے کی وجہ سے سیلاب کا بہاؤ رک چکا ہے۔ تاہم لوگ خوف کے مارے اب بھی کھلے آسمان تلے زندگی گزاررہے ہیں۔