خبریں

دیامر:‌ دہشتگردی سے متاثرہ سکولوں‌میں‌یوم آزادی پاکستان جوش وخروش سے منایا گیا

چلاس( ڈسٹرکٹ رپورٹر )ضلع دیامر میں یوم آزادی جوش و خروش سے منائی گئی ۔ دیامر کی تینوں تحصیلوں چلاس ، داریل اور تانگیر کے سکولوں میں خصوصی تقریبات منعقد کی گئیں ۔ گزشتہ روز شرپسندوں کی جانب سے جلائے گئے رونئی گرلز سکول چلاس اور داریل تانگیر کے سکولوں میں یوم آزادی کی تقریبات منعقد کرکے عوام نے شرپسندوں کو پیغام دیا کہ آپ کے ناپاک عزائم ہمارے حوصلوں کو کمزور نہیں کر سکتے ۔ ضلع دیامر کے ہیڈ کوارٹر چلاس میں دو مقامات پر جشن آزادی کی تقریب منعقد ہوئی ۔ رونئی سکول میں ہونے والی تقریب کے مہمان خصوصی کمشنر دیامر ڈویژن عبدالوحید شاہ تھے اس موقع پر عوام اور طالبات کی بڑی تعداد موجود تھی ۔ کمشنر دیامر استور ڈویژن سید عبدالوحید شاہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ حالیہ ناخوشگوار واقعات کا عوام نے بھرپور انداز میں جواب دیا اور نہ صرف ان کی مذمت کی بلکہ ان سے اظہار لاتعلقی بھی کیا ۔ جشن آزادی کا دن ہمیں پیغام دیتا ہے کہ ہم ان عناصر کے خلاف سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن جائیں اور تعلیم کے فروغ کیلئے جدوجہد کریں ۔ اس موقع پر سکول کے بچوں نے تقاریر ، ملی نغمے اور مختلف نظمیں پیش کر کے وطن سے اپنی محبت کا اظہار کیا ۔ ہائی سکول شاہین کوٹ میں منعقدہ تقریب میں ڈپٹی کمشنر دلدار احمد ملک ،ایس پی دیامر رائے محمد اجمل ، کنزرویٹر فارسٹ دیامر استور ڈویژن محمود غزنوی سمیت دیگر اعلیٰ افسران شریک تھے ۔ اس موقع پر اظہارخیال کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر دیامر دلدار احمد ملک اور ایس ایس پی دیامر رائے محمد اجمل نے کہا کہ دیامر کے عوام نے حالیہ واقعات کے بعد جو کردار ادا کیا ہے تاریخ میں سنہرے حرف سے لکھا جائے گا تعلیم دشمن عناصر کو کرارا جواب دے کر ثابت کیا گیا کہ اہلیان دیامر تعلیم کے فروغ کیلئے اپنا سب کچھ قربان کرنے کیلئے تیار ہیں ۔انہوں نے کہا کہ عوام کا ححکومت کے ساتھ یہی تعاون جاری رہا تو انشاءاللہ دیامر میں بہت جلد تعلیم پسماندگی کا خاتمہ ہوگا ۔قبل ازیں بوائز سکاوٹس کے چاک وچوبند دستے نے مارچ پاس کیا اور سلامی دی اس موقع پر مولانا عبدالباری نے تانگیر میں شہید پولیس اہلکار عارف حسین اور شہدا کارگاہ کے ایصال ثواب کیلئے خصوصی دعا بھی کرائی ۔جبکہ ہائی سکول داریل گماری میں منعقدہ تقریب میں صوبائی وزیر حیدر خان مہمان خصوصی تھے ۔ جبکہ تانگیر ہائی سکول کے تقریب کے مہمان خصوصی صوبائی وزیر جنگلات عمران وکیل تھے جنہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ صوبائی حکومت تعلیم کے فروغ کیلئے ایمرجنسی بنیادوں پر کام کر رہی ہے انشاءاللہ آنیوالے سالوں میں دیامر شرح خواندگی کے حوالے سے گلگت بلتستان میں سب سے نمایاں ضلع کے طور پر ابھرے گا۔۔۔

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button