گلگت(پ ر) قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی اور محکمہ جنگلات کے مابین باہمی تعاون کے سمجھوتے پر دستخط کیاگیا۔اس سمجھوتے کا مقصد جنگلات کی کٹاؤ کوروکنے سمیت مزید پودے لگانے کے لیے آگاہی مہم شروع کرنا، پودے لگانے کی مہم میں طلبہ وطالبات کا زیادہ سے زیادہ شرکت کو یقینی بنانا ہے ۔
دو طرفہ تعاون کے سمجھوتے پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عطاء اللہ شاہ اور سیکرٹری جنگلات گلگت بلتستان آصف اللہ خان نے دستخط کئے۔
اس موقع پر ڈین سوشل سائنسز ڈاکٹرمحمد رمضان ،ڈائریکٹر QECپروفیسرڈاکٹر معظم نظامی ،محکمہ جنگلات کے چیف کنزرویٹرز سمیت یونیورسٹی و محکمہ جنگلات کے اسٹاف موجود تھے ۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر نے کہاکہ ماحولیاتی آلودگی اور گلیشئرز کے پگھلنے کی اصل وجہ درختوں کی بے دریغ کٹائی ہے ۔اس حوالے سے عوامی سطح پر آگاہی دلانے کی اشد ضرورت ہے ۔انہوں نے کہاکہ پودے لگانا بڑی بات نہیں ہے بلکہ پودے لگا کر ان کی افزائش پر توجہ دینا بڑی بات ہے۔ یونیورسٹی نے گزشتہ دنوں تقریباًپچاس ہزار پودے لگائی اورآنے والے سیزن میں ایک لاکھ سے زائد پودے لگائے جائینگے ۔یونیورسٹی نہ صرف پودے لگائی گی بلکہ طلبہ وطالبات کی مدد سے ان پودوں کی افزائش پر بھی توجہ دے گی ۔تاکہ پودے لگانے کی مہم کو کامیابی سے ہمکنار کرسکے ۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری جنگلات آصف اللہ خان نے کہاکہ پودے لگانے اور معاشرے کو بچانے کی مہم سے عوام الناس کو آگاہ کرنے کے لیے طلبہ وطالبات کا کردار اہمیت کا حامل ہے ۔اس مقصد کو مدنظر رکھتے ہوئے یونیورسٹی کے ساتھ مل کر کام کرنے پر اتفاق ہوا ہے ۔کیونکہ یونیورسٹی میں گلگت بلتستان کے طلبہ و طالبات موجود ہیں جو اس مہم کو کامیاب بناسکتے ہیں ۔